شیوسینا کا مودی حکومت پر شدید حملہ، مودی حکومت کشمیر سمیت اہم مسائل سے توجہ بھٹکارہی ہے پاک فائرنگ میں نوجوان شہید ہو رہے ہیں اور آپ فرضی پکوڑے تل رہے ہیں : شیوسینا
ممبئی8 فروری اتحاد میں رہتے ہوئے اپنی اتحادی حکومت کی کس طرح تنقید کی جاتی یہ کوئی شیوسینا سے سیکھے۔ بی جے پی کو لے کر اکثر سخت تیور رکھنے والی پارٹی شیوسینا نے ایک بار پھر اپنے ترجمان ’’ سامنا ‘‘کے ذریعے مودی حکومت کی تنقید کی ہے ۔ شیوسینا نے نریندر مودی اور امیت شاہ کے پکوڑے والے بیان پر جمعرات کو بی جے پی کی تنقید کی اور کہا کہ مودی حکومت کشمیر سمیت اہم مسائل سے توجہ بھٹکارہی ہے۔ پاکستان کو’شکست دینے‘ اور اس کو دو لخت کرنے میں نمایاں رول ادا کرنے پر سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے شیوسینا نے یہ بھی کہا کہ چار سال سے اقتدار میں رہنے کے بعد بھی مودی حکومت کشمیر مسئلہ حل نہیں کر پائی۔ پارٹی نے اپنے ترجمان’’ سامنا ‘‘میں کہاکہ کانگریس میں پاکستان کے لیے سبق پڑھانے کی ہمت نہیں تھی، اگرچہ اندرا گاندھی نے پاکستان کو شکست دے دی اور اس کو دو لخت کردیا۔ انہوں نے ایسے وقت میں جرات دکھائی جب امریکہ پاکستان کی طرف تھا۔ اس نے کہا کہ دعوے کئے جا رہے ہیں کہ امریکہ، فرانس، جرمنی اور اسرائیل جیسے ملک وزیر اعظم نریندر مودی کی دھن پر ناچ رہے ہیں اور پاکستان کو دنیا میں الگ تھلگ کر دیا گیا ہے؛ لیکن یہ سفید جھوٹ ہے اگر یہی ہوتا تو پھر پاکستان میں اتنی ہمت نہیں ہوتی کہ وہ ہماری سرحدوں کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھتا ۔ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی پارٹی نے کہاکہ جب امریکہ نے پاکستان کو دی جانے والی مالی امداد کے خلاف بولا تو بھارت خوش ہوا، تاہم، پاکستان اور اس کے دہشت گرد آئے دن بھارت میں سراسیمگی پھیلا رہے ہیں۔شیوسینا نے کہا کہ سنگین مسائل سے توجہ بٹانے کے لئے فرضی پکوڑے تلے جا رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ بی جے پی صدر امیت شاہ نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ بے روزگار رہنے سے بہتر ہے پکوڑی بیچا جائے ،اس سے کچھ دن پہلے وزیر اعظم مودی نے ایک نجی ٹی وی زی نیوز کے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پکوڑی فروخت کرنا بھی ایک قسم کا روزگار ہے اور اسے نوکری پیدا کرنے والے شعبہ سے جوڑکر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد پکوڑے کو لے کر سوشل میڈیا پر کئی طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔