بجٹ کو بی جے پی نے بتایا ترقیوں کا ضامن، جملوں کے سوا کچھ بھی نہیں : حزب اختلاف ” کانگریس نے وعدے کرکے ووٹ لیے اور پھر ان وعدوں کو بھول گئی؛ لیکن وزیر اعظم مودی انتخابات سے پہلے کیا گیا ہرایک وعدہ پورا کر رہے ہیں۔ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ کا بے شرمی پر مبنی گھٹیا بیان
نئی دہلی 8فروری ( آئی این ایس انڈیا )
بی جے پی نے سال 2018-19 کے بجٹ کو تاریخی اور ترقیاتی امور کو مزید وسعت دینے والا بتایا ہے ۔ حکمراں طبقہ کا یہ الزام تھا کہ کانگریس نے وعدے کرکے ووٹ لیے اور پھر ان وعدوں کو بھول گئی؛ لیکن وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات سے پہلے کیا گیا ہر ایک وعدہ پورا کر رہے ہیں۔ وہیں اپوزیشن نے بجٹ کو لے کر حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ اس میں جملوں کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔ حکومت کو عوامی تعاون کی روح پر صحیح معنوں میں عمل کرنا چاہئے ورنہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس کا خواب شرمندہ تعبیرنہ ہوسکے گا ۔ لوک سبھا میں ایک فروری کو وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی طرف سے پیش کردہ بجٹ پر ایوان میں کل شروع ہوئی بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے بی جے پی کے گنیش سنگھ نے کہا کہ یہ بجٹ تاریخی اور ملک کی ترقیوں کا ضامن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی ترقیاتی کاموں کو ہضم نہیں پا رہے ہی ؛لہٰذا الزام لگاتے رہتے ہیں۔ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ کانگریس نے وعدے کرکے ووٹ لیے اور پھر ان وعدوں کو بھول گئی؛ لیکن وزیر اعظم مودی انتخابات سے پہلے کیا گیا ہرایک وعدہ پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی وزیر اعظم سے رافیل سودے پر سوال کر رہے ہیں لیکن پہلے وہ بتائیں کہ بوفورس سودے میں ہوئے گھوٹالے کا جواب کون دے گا۔ جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کے وقت ملک سے کئے گئے ان وعدوں پر جواب کون دے گا جو آج تک پورے نہیں ہوئے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے دنیش ترویدی نے کہا کہ یہ بجٹ امید کا ہے لیکن یہ امید سچ اور ایمانداری والی ہونی چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بجٹ میں جملوں کے سوا کوئی امر اس کی پختگی کا ضامن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اخلاص پر کوئی شک نہیں کر سکتا لیکن عوامی تعاون کی روح پر صحیح معنوں میں عمل کرنا ہوگا ورنہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکے گا۔ ترویدی نے کہا کہ آج ملک میں کڑواہٹ کافی بڑھ رہی ہے، ہمیں اسے دور کرنے کے اپاے کرنے ہوں گے. ہمارے درمیان اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن دل صاف ہونا چاہئے۔بی جے پی کے گنیش سنگھ نے کہا کہ ملک کی نگاہ آج وزیر اعظم مودی پر ہے، پہلے کی حکومتوں نے کبھی کسانوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی لیکن موجودہ حکومت نے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کر کے اس ضمن میں کام شروع کر دیا ہے ، کسانوں کی ہر ضرورت کو پورا کرنے کا کام حکومت نے کیا ہے۔ بی جے پی رکن نے کہا کہ کانگریس نے غریبی ہٹاؤ کا نعرہ دیا لیکن غریبوں کو غریب ہی رہنے دیا۔ وہیں مودی حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے اور بے گھروں کو 2022 تک رہائش دینے کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اپنے آبائی ریاست مدھیہ پردیش میں کچھ منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیاہے۔