اے ایم یواورسلطان شریف علی دارالسلام کے درمیان سمجھوتہ پر دستخط کیے گئے

علی گڑھ7فروری:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)اوربرونئی کی یونیورسٹی اسلام سلطان شریف علی دارالسلام کے درمیان تعلیم و تحقیق کے میدان میں تعان پر ایک سمجھوتہ پر دستخط کیے گئے۔ یونیورسٹی اسلام سلطان شریف علی برونئی کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے آج اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر حاجی نورارفن بن حاجی زینل( ریکٹریونیورسٹی اسلام سلطان شریف علی) نے وائس چانسلر کے ساتھ دونوں اداروں کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور اکیڈمک تبادلہ کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے اے ایم یو کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں اشتراک کی خواہش کا اظہار کیا۔سمجھوتے پر اے ایم یو کی جانب سے قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر ناظم حسین جعفری اور برونئی یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر حاجی نورارفن بن حاجی زینل نے اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی موجودگی میں دستخط کئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی اسلام سلطان شریف علی کے ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد حسین احمد، او ایس ڈی وائس چانسلر پروفیسر اسفر علی خاں، شعبہ رابطۂ عامّہ کے قائم مقام ممبر انچارج پروفیسر محمد عاصم صدیقی اورپی آر او عمر سلیم پیر زادہ بھی موجود تھے۔اس سمجھوتے کے تحت دونوں یونیورسٹیاں اساتذہ و طلبہ کے تبادلہ کے علاوہ اسٹڈی ایبروڈ پروگرام کے تحت ڈوئل کور اسٹڈی پر کام کریں گی۔ اس کے علاوہ دونوں یونیورسٹیاں طلبہ واساتذہ کے لیے ایک دوسرے کے یہاں ورکشاپوں اور تعلیمی پروگراموں کا بھی انعقاد کریں گی اور تحقیقی و ترقیاتی منصوبوں پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔ دونوں یونیورسٹیاں اشاعتی تبادلہ کے علاوہ تعلیمی پروگراموں کے انعقاد میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ معاونت کریں گی۔اس سے قبل برونئی کے وفد نے یونیورسٹی کی تاریخی عمارات اسٹریچی ہال، جامع مسجد، وکٹوریہ گیٹ، سرسید ہاؤس، مولانا آزاد لائبریری اور جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کا دورہ بھی کیا۔