جمعیۃ علماء مہاراشٹر اور جمعیۃ علماء مالیگاؤں (مدنی روڈ) کے مشترکہ تعاون سے دیانہ آگ متاثرین کے مکانات کی تعمیر کا آغاز
مالیگاؤں ؍مہاراشٹر ۷؍ فروری
گزشتہ ماہ شہر کے مضافات میں واقع دیانہ شیوار میں بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں تقریباً 14مکانات خاکستر ہوگئے تھے۔اور لاکھوں روپئے کی املاک تباہ و برباد ہوگئی تھیں۔جمعیۃعلماء مالیگاؤں مدنی روڈ کے ذمہ داران مفتی محمد اسماعیل صاحب قاسمی(صدر جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں)،حاجی محمد مکی سیٹھ (نائب صدر جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں)،عبد المالک بکرا (نائب صدر جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں)نے ریاستی دفتر میں شہر میں پیش آئے اس حادثہ کی اطلاع دی ،چنانچہ مولانا مستقیم احسن اعظمی صاحب(صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) جناب گلزار احمد اعظمی صاحب (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی )نے فوراً جمعیۃکا ایک وفد مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر) کی قیادت میں جائے حادثہ پر حالات کا جائزہ لینے کے لئے روانہ کیا ،اس وفد میں مفتی حفیظ اللہ قاسمی صاحب(ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر) اور حافظ محمد عارف انصاری (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع تھانے و پالگھر) شامل تھے ۔وفد نے متاثرہ مقامات کا سروے کیا ،اور وہاں کے حالات سے صوبائی ذمہ داروں کو مطلع کیا،اس موقع پر یہ طے پایا کہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر اور جمعیۃعلماء مالیگاؤں مشترکہ طور پر آتش زدہ متاثرین کے مکانات کی تعمیر اور ان کی باز آباد کاری کروائیں گے۔
تعمیر نو کے لئے سلسلہ میں جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں کے صدر مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب کی ایماء پر گزشتہ روزایک وفد وہاں پہنچ کر زمین کی پیمائش کا مرحلہ مکمل کیا۔اور آج (منگل)دوپہر میں 12بجے قائد محترم کے بدست مکانات کی سنگ بنیاد رکھی گئی اور آپ کی دعا ء سے باقاعدہ مکانات کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ۔
مکانات کی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے قائد محترم مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے علاقہ کے سر کردہ افراد اور متاثرین کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ آ پ لوگوں کے ساتھ ہم لوگ کھڑے ہیں ،آپ لوگ ہمت اور حوصلہ کے ساتھ اب تعمیرات کی تکمیل میں معاونت کریں گے۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر اور جمعیۃعلماء مالیگاؤں (مدنی روڈ)اپنے اخراجات سے ان شاء اللہ مکانات کی تعمیر کر کے دے گی ۔ پورے ملک میں کہیں بھی ہونے والے حادثات اور آفات میں جمعیۃعلماء بھر پور تعاون کرتی ہے ۔یہ تو ہمارے اپنے شہر کا مسئلہ ہے ان شاء اللہ ہم آپ لوگوں کا مکمل تعاون کرتے ہوئے چھت مہیا کرائیں گے۔
اس موقع پر مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے حالات آنے کے اسباب اور اس کا علاج بھی بتایا اور فرمایا کہ اپنا رشتہ مساجد سے استوار کریں ۔احکام شریعت پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں ۔سنگ بنیاد کے موقع پر علاقہ کے سر کردہ افراد کے ساتھ حاجی محمد مکی سیٹھ ،معاون کارپوریٹر مزمل بفاتی،زبیر احمد ادارہ القاسم،فضل محمود و دیگر حاضر تھے۔
۔