کرندہ میں جمعیۃعلماء کے زیر اہتمام اجتماعی نکاح کی تقریب کا انعقاد  20جوڑوں کی شادیاں کرانے کاتاریخی اقدام 

ہنگولی (مہاراشٹر) ۵؍ فروری
کرندہ ضلع ہنگولی علاقہ مراٹھواڑہ میں جمعیۃ علماء ہنگولی کی طرف سے منعقدہ 20جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب نہایت خوبصورت طریقے سے انجام پائی جس میں شرکت کی غرض سے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا اشتیاق احمد قاسمی اورناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی نے خصوصی طور پر سفر کیا،اور جوڑوں کے ساتھ جمعیۃعلماء ہنگولی کے کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔
مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ قرآن پاک میں اللہ تبارک و تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ146146تم میں سے جو مرد و عورت بے نکاحے ہوں ان کا نکاح کردو اور اپنے نیک بخت غلام اور لونڈیوں کا بھی،اگر وہ فقیر و مفلس ہوں گے تو اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے غنی بنا دے گا اللہ تعالیٰ کشادگی والا علم والا ہے 145145۔ اس آیت کریمہ میں قریبی شخص اور یتیم کے ولی پر واجب ہے کہ اپنے زیر کفالت افراد میں سے نکاح کے ضرورتمند لوگوں کا نکاح کرائیں ۔
مفتی حفیظ اللہ قاسمی نے معاشرے میں پھیلی بے جا اور خرافاتی رسم و رواج کی قباحت اور اس کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اہل مغرب کے جس معاشرتی ڈھانچے سے ہم آپ متاثر ہو ئے بغیر نہیں رہتے ہیں اور جس کی تقلید کو باعث فخر تصور کرتے ہیں، اگر ان کی معاشرتی زندگی کے برے نتائج ہمارے سامنے آجائیں تو ہم ان کے طرز معاشرت کو اپنانا تو دور کی بات اس کے متعلق سوچنا بھی چھوڑ دیں گے ۔اس لئے ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں سادگی کے ساتھ کم خرچ میں شادی کرنے کارواج معاشرہ میں عام کرنا چاہئے،تاکہ سماج کا ہر طبقہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہوسکے ،اور اپنی اولاد کے لئے زندگی کی باد و بہار کا سامان مہیا کر سکے۔موصوف نے جمعیۃ علماء کی خدمات اورملک کی آزادی میں اکابر جمعیۃعلماء کا کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے نو بیاہتا جوڑوں کو دعاؤں سے نوازا ،اور مولانا اعجا زخان بیتی اور ان کے تمام رفقاء کو ان کی اس کوشش پر مبارکباد پیش کی۔
مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی صدر جمعیۃعلماء علاقہ مراٹھواڑہ نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ ہم اپنی طرف سے اور جمعیۃعلماء علاقہ مراٹھواڑہ کی طرف سے اس تاریخی تقریب کے منعقد کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکبا دپیش کرتے ہیں ۔
مولانا محمد عیسیٰ خان کاشفی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء علاقہ مراٹھواڑہ نے بھی اپنے تاثرات میں کہا کہ مولانا اعجاز خان بیتی اور ان کے وہ تمام ساتھی قابل مبارک باد ہیں جنہوں نے اس تقریب کے منعقد کرنے میں تعاون کیا ۔
مولانا اعجاز احمد خان بیتی صدر جمعیۃعلماء ضلع ہنگولی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ معاشرہ میں پھیلی برائی کو ختم کیا جائے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق نکاح کو آسان کیا جائے ،تاکہ نوجوانوں کو بے راہ روی سے روکا جا سکے۔ اس موقع پر مولانا اقبال احمد قاسمی صدر جمعیۃعلماء شہر ہنگولی اورقاری عبد الرشید حمیدی صدر جمعیۃ علماء ضلع پربھنی وغیرہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔آخر میں یونٹ کے صدر ،حافظ اسماعیل پاشا نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر جمعیۃعلماء کے عہدیداران، اراکین اور ہنگولی کے ممبر آف پارلیمنٹ جناب راجیو ساتو،جناب شیواجی مانے اور رکن اسمبلی جناب جے پرکاش دانڈیگاوکر،کانگریس پردیس جنرل سکریٹری عبد الحفیظ عبد الرحمٰن ،منیر پٹیل،بی جے پی کے تعلقہ صدر جناب کھوبراجی نرواڑے پاٹل،راجو بھیا نوگھرے،ریاض قریشی،بابو راؤدلوی کے علاوہ بہت سارے سیاسی اور سماجی سرکردہ افراد اور ضلع ہنگولی کی عوام نے بلا تفریق مذہب وملت ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔اور نو بیاہتا جوڑوں کو اپنی دعاؤں اور نیک خواہشات سے نوازا۔