بی جے پی سے اتحاد نہیں توڑے گی تیلگودیشم پارٹی ,  مرکزہمارے مطالبات کو نہیں مانے گی تو ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ مخالفت کریں گے۔

امراوتی4 فروری
تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) نے آج کہا کہ وہ بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) سے تعلقات ختم نہیں کرے گی۔ پارٹی کے لیڈر و مرکزی وزیر وی ایس چودھری نے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور سینئر لیڈروں کے اجلاس کے بعد یہاں کہا کہ ٹی ڈی پی بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے سے اتحاد ختم نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ ریاست سے منسلک مسائل کو پہلے مرکز کے سامنے اٹھائیں گے اور یہ کوشش کریں گے کہ ان مسائل کا مثبت اور شافی حل ہو ۔ چودھری نے کہاہے کہ اگرمرکزہمارے مطالبات کو نہیں مانے گی تو ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ مخالفت کریں گے۔ ا یسی قیاس آرائی بھی ہور ہی ہے کہ بجٹ میں ریاست کے لئے کم رقم مختص کیے جانے سے خفا آندھرا پردیش کی حکمراں پارٹی اپنے اتحاد پر از سرنو غور کر سکتی ہے۔ تاہم اس قیاس آرائی کے بعد پارٹی کا یہ بیان آیا ہے جس میں اس کی وضاحت کی گئی کہ ہم اپنے مطالبات مرکز کے سامنے رکھیں گے اگر وہ ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی ہے تو پھر ہم اتحاد پر نظر ثانی کے تیار ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ٹی ڈی پی این ڈی اے سے الگ ہو سکتی ہے تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ میڈیا کی باتیں ہیں۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ سے ملاقات کے سوال کا جواب نفی میں تھا ۔