ترکی کی فوج کا عفرین میں تزویراتی ٹھکانے ’جبلِ دارمق‘ پراہمیت کے حامل پہاڑ کنٹرول حاص کر کے اس کی چوٹی پر ترکی کا پرچم لہرا دیا

دبئی،03؍ فروری ترکی کی فوج نے شام کے علاقے عفرین میں تزویراتی اہمیت کے حامل پہاڑ ’جبِل دارمق‘ پر کنٹرول حاص کر کے اس کی چوٹی پر ترکی کا پرچم لہرا دیا ہے۔اس سے قبل ترکی کی فوج نے جبلِ برصایا پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ترکی کے مطابق جبلِ دارمق اس حوالے سے بہت اہم ٹھکانہ ہے کہ کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس کی فورس یہاں سے ترکی کے سرحدی شہر کلیس کو میزائلوں سے نشانہ بناتی رہی ہے۔ادھر ترکی کی فوج اور اس کی ہمنوا شامی جیشِ حْر کے گروپوں نے عفرین کے مغرب میں راجو کے علاقے پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران توپ خانوں نے مذکورہ علاقے پر گولہ باری بھی کی جو کئی روز سے جیشِ حْر کے گروپوں کی جانب سے محاصرے میں ہے۔ اس سے قبل ترکی کی فوج اور شامی اپوزیشن کے گروپوں نے کرد پروٹیکشن فورس کی جانب سے شدید مزاحمت کے بعد عفرین کے شمال میں بلبل کی جانب اپنا کنٹرول پھیلا لیا تھا۔عفرین کے آپریشن میں ترکی کی فوج اور جیشِ حْر کی پیش قدمی کے باوجود انقرہ نے معرکے کا دائرہ کار وسیع کرنے کے مقصد سے سرحدی علاقوں میں عسکری کمک بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ترکی کی فوج نے تقریبا دو ہفتے قبل شام کے شمال میں واقع علاقے عفرین میں امریکی نواز کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔