راجستھان کی شکست پرشتروگھن نے پھر اپنی ہی پارٹی کو گھیرا،بجٹ پرکہا،دوسرے وعدوں کی طرح یہ بھی جملہ بازی

نئی دہلی 3فروری :بھارتیہ جنتا پارٹی کے ناراض لیڈرشتروگھن سنہا نے راجستھان میں لوک سبھا سیٹوں کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کوہوئی زبردست شکست پرکہاہے کہ یہ نتائج اس بات کا اشارہ ہیں کہ حکمراں پارٹی کے لئے اب اپنا گھمنڈ ترک کرنے کا وقت آگیا ہے۔مسٹر سنہا نے آج ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کے اندر ہی لوگوں کو یہ پتہ لگ جائے گا کہ 2018-19 کے بجٹ میں جو وعدے کئے گئے ہیں وہ ایسے خواب ہیں جو پورے نہیں ہونے والے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کے سلسلے میں عام لوگوں کا جو ردعمل مل رہا ہے اس سے یہ واضح ہے کہ جب بجٹ کا سارا ہنگامہ سرد ہوجائے گا تو عام آدمی کو یہ سمجھنے میں دیر نہیں لگے گی کہ انہوں نے جو خواب بجٹ کے ذریعہ دکھائے ہیں وہ کبھی پورے نہیں ہونے والے۔