ارباب مدارس بلا تفریق مذہب انسانی ضرورتوں کی تکمیل میں اپنا دینی واخلاقی کردار اداکریں رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند مشرقی یوپی زون1کے اجلاس سے زون کے صدر مولانا اسامہ قاسمی کا خطاب
لکھنؤ؍ کانپور۔(سعید ہاشمی)
رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند مشرقی یوپی زون1 کااہم اجلاس جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جامع مسجد اشرف آباد جاجمؤ کانپور میں زون کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی کی صدارت میں ہوا جس میں 27اضلاع کے ڈیڑھ سو سے زائد ذمہ دارانِ مدارس نے شرکت کی اور معیارِتعلیم کو بہتر بنانے کے ساتھ بہترین حکمت عملی کے ساتھ موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے اورعوام کے ایمان وعقیدے کی فکر کرنے کے سلسلے میں لائحہ عمل تیار کیا گیامعیارِ تعلیم کو بہتر بنانے اور نظام کو درست رکھنے کے لئے جائزہ کمیٹی بنائی گئی اور تدریب المعلمین کے پروگرام کی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔
رابطہ مدراس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند مشرقی یوپی زون1کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کا نصاب تعلیم جس مربوط مدرسے میں نافذ نہیں ہے وہاں نافذ کیا جائے، نصاب کی اعتدال کے ساتھ تکمیل کرائی جائے ماہانہ مقدار خواندگی حاصل کی جائے ۔ طلباء کی بہترین تعلیم وتربیت ،نظام میں استحکام وشفافیت ساتھ ساتھ عیسائیت و قادیانیت سمیت دیگر فرق ظالہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ اس وقت نیا فتنہ شکیلیت پنپ رہا ہے اس پرخصوصی توجہ دی جائے۔ ذمہ داران مدارس وقتا فوقتا ان فتنوں کا تعاقب اوررد کرکے اپنا فریضہ نبھائیں۔ طریقہ تعلیم میں اصلاحات موجودہ وقت کے مطابق استعمال کریں ۔ بحیثیت ہندوستانی شہری اپنے ملک کے آئین و قانون سے واقفیت ہمارے لئے ضروری ہے، اس پر خصوصی توجہ دی جائے اور اپنے ملک کے قوانین کو سمجھنے کا اہتمام کیا جائے۔
مولانا اسامہ قاسمی نے اس بات پر خصوصی توجہ دلائی کہ ملک کے موجودہ حالات نہایت تشویش ناک ہیں ، اسلام اور مسلمانوں کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مدارس کے گرد حصار قائم کیا جارہا ہے ایسے حالات میں اہل مدارس کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے کہ وہ قوم کی صحیح رہنمائی کریں اور ان کو مایوس ومشتعل ہونے اور کسی بھی منفی پروپیگنڈے کا شکار ہونے سے بچائیں ، اہل مدارس امن وآشتی کے قیام ، رواداری اور یکجہتی کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے علاقہ کی دینی ملی ضروریات کی تکمیل کے ساتھ بلا تفریق مذہب انسانی ضرورتوں کی تکمیل میں اپنا دینی واخلاقی کردار اداکریں ۔علاقہ کے یتیم بیواؤں اور غرباء کی ضرورتوں کو پورا کرنے اوربرادران وطن کابھی خیال رکھیں ان کے یہاں غرباء کی شادیوں میں امداد کے لئے مستقل فنڈ قائم کریں۔سردی ، گرمی وغیرہ کے موقع پر بلا تفریق رفاہی کام کریں۔
مولانا اسامہ قاسمی نے اسوہ رسولؐ، صحابہ کرامؓ کی سیرت واولیاء کرام وبزرگان دین کے طریقہ کار کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے مولانا قاری صدیق احمد صاحب باندویؒ کے واقعات بھی بیان فرمائے کہ کس طرح سے انہوں نے عوام میں بلاتفریق ومذہب خدمات انجام دیں اور کس طرح سے اپنے سخت دل دشمن کے دل کو نرم کیا۔مولانا اپنے پروگراموں میں افسران وعلاقہ کے بااثر برادران وطن کو شریک کیا جائے ۔اس موقع پر نئے فارم پُر کروائے گئے ہیں ارتباط میں کے سلسلے میں دارالعلوم دیوبند پہلے سے جاری ارتباط سند کو کالعدم کرکے تین قسم کی سند ابتدائیہ ، وسطی اور علیا جاری کرے گا ۔
اس سے قبل رابطہ مدارس زون1 کے جنرل سکریٹری مفتی اقبال قاسمی نے گزشتہ عمومی اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی اور مفید وکارآمد باتیں پیش کیں اورنظام تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دلائی۔
مولانا اسلام الحق اسجد لکھیم پور نے کہا کہ مدارس ومکاتب دین کے قلعے ہیں ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔اسلام کی تعلیم وتبلیغ کے فریضہ کی انجام دہی اور قوم کی امانتیں جو ہمارے سپرد ہیں ان کی بہتر تعلیم وتربیت ہماری ذمہ داری ہے، ہر معاملات میں خوف خدا رکھیں اور حساب وکتاب کی شفافیت کے ساتھ اس کو واضح رکھنے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وقت پڑنے پر کسی قسم کی وضاحت کی ضرورت نہ پڑے۔
مولانامطیع الحق انظر لکھنؤ نے کہا کہ تدیب المعلمین کا ایک کورس دارالعلوم دیوبند میں مقرر کرکے اس کا باضابطہ شعبہ قائم کیا جائے جس میں کسی بھی جگہ کے فارغ التحصیل علماء کو ٹسٹ کے بعد داخلہ لیکر سہ ماہی کورس وغیرہ پڑھایا جائے ۔ نصاب تعلیم کے ساتھ ماہانہ مقدار خواندگی کا ایک نقشہ تیار کرکے مربوط مدارس سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ ماہانہ مقدار خواندگی زون کے دفتر کو بھیجیں۔
قاری زبیر احمد مہتمم مدرسہ نورالعلوم بہرائچ نے مشورہ دیتے ہوئے مشترکہ امتحانات کے بارے میں کہا کہ آخری جماعت کا امتحان دارالعلوم دیوبند کی نگرانی میں اس طرح ہو کہ دارالعلوم میں داخلہ کے لئے دوبارہ امتحان نہ لیا جائے بلکہ اسی کو معیار مانا جائے۔ اسی طرح مشرقی زون 1کواضلاع کی سطح پر منقسم کرکے رابطہ مدارس کے مرکز کی ہدایات کے مطابق کام کیا جائے۔قاری زبیر احمد نے دارالعلوم میں تقابل کے سلسلے میں کوٹے کو رد کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
مولانا مفتی عبدالرشید قاسمی مفتی واستاذ حدیث مدرسہ جامع العلوم پٹکا پور نے کہا کہ مشترکہ امتحانات کی بات بہت مناسب ہے، اگر یکبارگی نہ ہوسکے تو رفتہ رفتہ اس کام کو کیا جائے۔ تدریب المعلمین کی ضرورت ہے، طرز تعلیم حالات حاضرہ کے مطابق ہوں، دارالعلوم دیوبند میں داخلہ امتحان میں منطق کے امتحان کی شرط کو ختم کرنے کی سفارش کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فیضیاب ہوسکیں۔تدریب المعلمین (اساتذہ ٹریننگ کیمپ)4،5اپریل 2018بروز بدھ ،جمعرات رابطہ مدارس مشرقی زون 1کے آفس جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ کانپور میں ہوگی۔
رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند مشرقی یوپی زون 1سے مربوط مدارس کے نظام تعلیم ودیگر ذمہ داریوں کا جائزہ لینے کے لئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں زون کے جنرل سکریٹری مولانا مفتی اقبال احمد قاسمی کانپور، قاری زبیر احمدبہرائچ ، مولانا اسلام الحق اسجدلکھیم پور، قاری محمدسہیل بارہ بنکی، مفتی عبد الرشید کانپور،مولانا اختر حسین بستی، مولانا مطیع الحق انظرلکھنؤ شامل ہیں ۔ اجلاس کا آغاز جامعہ محمودیہ کے استاذ مولانا قاری صلاح الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نعت ومنقبت محمد شعیب بلرامپوری نے پیش کی مولانا عبدالحفیظ گونڈوی کی دعاء پر اجلاس ختم ہوا۔