اردو داں طبقہ شکوہ کے بجائے پہلے اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم سے ٓاراستہ کریں ،پروفیسر آصفہ زمانی  اردو اکادمی یوپی کی نو منتخب چیئر پرسن پروفیسر آصفہ زمانی کا اردو داں طبقہ کو مشورہ  لکھنؤ (سعید ہاشمی)

حکومت نے جو ہمیں ذمہ داری سونپی ہے اس کو بہتر طور پر نبھانے کیلئے پر عزم ہوں اس لئے کہ گھریلو اور تعلیمی ذمہ داریوں نے اتنا حوصلہ عطاکردیاہے کہ نئی ذمہ داری کا بھر پور احساس ہے اور اسکو بہتر طور پر نبھانے کی کوشش کرونگی اور اہل اردو کو جو مجھ سے امیدیں وابستہ ہیں انکو بھی احسن طور پر پوراکرنے کی عملی کوشش کرونگی ۔مذکورہ باتیں اردو اکادمی اترپردیش کی نو منتخب چیئر پرسن پروفیسر آصفہ زمانی (پدم شری اعزاز یافتہ )نے کہیں ۔وہ اکادمی دفتر گومتی نگر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد نامہ نگار سے خصوصی گفتگو کر رہی تھیں ۔انہوں نے اردو کی اہمیت و افادیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو کا مستقبل درخشندہ ہے اور اردو کیسے فروغ پائے اکادمی کے تحت جو ممکنہ اقدامات ہونگے انہیں وہ عملی جامہ پہنانے سے گریز نہیں کرینگی ایک اہم سوا ل کے جواب میں پروفیسر زمانی نے کہا کہ حکومتی پالیسی پر بھی نظر ہے ایسے حالات میں کچھ چیلنجز ہیں جس کا ازالہ کام کے تحت کیا جائے گا۔ انہوں نے اردو داں طبقہ کو مشورہ دیا کہ وہ شکوہ شکایت کے بجائے اپنے نونونہالوں کو اردو کی تعلیم سے آراستہ کریں اس لئے کہ اردوہی واحد شریں زبان ہے جس کے اندر ہر زبان سے آنکھ میں آنکھ ملانے کی جرائت و ہمت موجود ہے اردو میں اتنی مٹھاس ہے جو ہر کسی کو اپنا گرویدہ بنالتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو انگلش میڈیم تعلیم کے ساتھ اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم دلائیں اس لئے کہ اردو ہی ہماری گنگا جمنی تہذیب کی شناخت اور ہمارا تہذیبی ورثہ اسی زبان میں پوشیدہ ہے ایک دیگر سوال کے جواب میں پروفیسر آصفہ زمانی نے کہا کہ اردو اکادمی کے تحت اردو کے جو کام ہیں اس کو دیکھنے اور سمجھنے کے بعد انہیں عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔اور اردو کی نشرو ارتقاء کیلئے جو بہتر تجاویز ہونگی انہیں عمل میں لائیں جائیں گی ۔