قوانین کے خلاف ایس ڈی اے کی کارروائی نا قابل برداشت
سہارنپور (احمد رضا)سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی حکام کی طرف سے شہر قاضی ندیم اختر کے ساتھ بدسلوکی اور انکی مارکیٹ پر توڑ پھوڑ کی کارروائی کی مخالفت میں بہوجن سماج پارٹی کے ایک وفد نے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) ایس کے دوبے سے ملاقات کی وفد نے ایس ڈی اے حکام کے رویہ پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنا احتجاج درج کرارتے ہوئے کہا کہ قوانین کے خلاف ایس ڈی اے کی کارروائی برداشت نہیں ہوگی۔ بی ایس پی کے وفد نے ضلع مجسٹریٹ پی کے پانڈے کے نام عرضداشت بھی اے ڈی ایم کو دی۔ ضلع مجسٹریٹ پی کے پانڈے نے مذاکرات کے دوران بی ایس پی لیڈروں سے کہا کہ وہ خاطی حکام کے خلاف کارروائی کریں گے۔ سابق ممبر اسمبلی جگپال سنگھ اور زونل کو رڈنیٹر نریش گوتم نے کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام کی طرف سے غیر قانونی تعمیر کو گرانے کی کارروائی کی جا رہی ہے، جس میں بعض مقامات پر کی گئی کاروائی نہ صرف غلط تھی بلکہ قوانین کے خلاف بھی تھی۔ بی ایس پی قوانین کے خلاف کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کریگی اور اس کے خلاف تحریک چلائیگی۔ ضلع صدر جنیشور پرساد اور راؤ بابر نے کہا کہ آزاد کالونی میں واقع شہر قاضی ندیم اختر کی مارکٹ کی دکانوں کو توڑ دیا گیا اور موقع پر موجود شہر قاضی کے ساتھ بدسلوکی بھی کی گئی جس پر ہم اپنا احتجاج درج کرتے ہیں اور ملزم افسران کیخلاف کاروائی کی مانگ کرتے ہیں۔ سینئر بی ایس پی لیڈر حاجی فضل الرحمن علیگ نے کہا کہ ایس ڈی اے کی طرف سے اچانک کارروائی کی گئی اور موقع پر شہر قاضی کے مذکورہ مارکیٹ سے متعلق کاغذات دکھانے پر ان کے ساتھ کی جانے والے بدسلوکی سے شہر کے تمام طبقات کے لوگوں میں غم و غصہ ہے۔ حاجی فضل الرحمن نے اے ڈی ایم سے کہا کہ جب شہر قاضی کے ساتھ ایس ڈی اے کے افسران اس طرح کا سلوک کر سکتے ہیں تب عام عوام کے ساتھ ان کا برتاؤ کیسا ہوگا۔ بہوجن سماج پارٹی اس سلسلے میں ضروری کارروائی اور اس معاملہ میں مجرم حکام سے جواب طلب کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اس موقع پر وفد میں زون کو آرڈنیٹر نریش گوتم، سابق ممبر اسمبلی جگپال سنگھ، سینئر بی ایس پی لیڈر حاجی فضل الرحمن علیگ، ضلع صدر جنیشور پرساد، منڈل کوآ رڈنیٹر لودھی کمار، ضلع نائب صدر راؤ بابر، شہر صدر پرتاپ سنگھ، سید حسان، چودھری سلیم، ضلع انچارج سید عرشی حسن ، ضلع انچارج چرن سنگھ پرجاپتی، ریحان وغیرہ موجود رہے۔