جمعیۃ علماء ملک کے ستم رسیدہ اور مظلوم باشندوں کو ساتھ لیکر سیکولر دستور کی بحالی اور اس کی بالا دستی کے لئے لڑائی لڑتی رہے گی

ممبئی ۲۷؍ جنوری
ہندوستانی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے ریاستی دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ،ممبئی ۹ سمیت ریاست کے تمام اضلاع میں یوم جمہوریہ کی تقریب نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔جس میں مختلف شعبہائے زندگی سے تعلق رکھنی والی شخصیات نے شرکت کی ۔
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی صاحب نے پرچم کشائی کے بعد اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک میں آج اس وقت انہترواں یوم جموریہ منایا جارہا ہے۔جو لوگ جمہوری قدروں کے خلاف ہیں وہ بھی یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد کریں گے۔آج کا دن ہمارے لئے یوم احتساب ہے،جمہوری قدروں کوہندوستان نے کس طرح سے حاصل کیا تھا ؟اور کس لئے حاصل کیا تھا؟جن بنیادوں پر جمہوریت قائم کی گئی تھی،کیا آج ان کی ساکھ باقی ہے؟
مولانا مستقیم احسن اعظمی نے کہا کہ ملک کی آزادی ہمارے اکابر کی مرہون منت ہے ،اس لئے ہمیں جمہوری و سیکولر نظام حکومت کی قدرکرنی چاہئے۔صدر جمعیۃ نے یہ بھی کہا کہ اس وقت سب سے بڑا خطرہ ملک کے جمہوری نظام کو ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
گلزار احمد اعظمی سکریٹری لیگل سیل نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے جس پر ہم کو فخر ہے اوریہ جمہوریت ہمارے اسلاف کی انتھک قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ آج کچھ لوگ اپنی طاقت اور اقتدار کے نشے میں اس جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں ،جمعیۃ علماء ان کو کسی بھی حال میں کامیاب نہیں ہونے دے گی،ہمارے لئے خوش آئند بات یہ ہے کہ ملک کی عدلیہ کے معزز ججوں نے بھی دستور کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،اور ملک کے بے شمار تعلیم یافتہ افراد اس صورت حال سے کبیدہ خاطر ہیں،مسلمانان ہند نے کسی مجبوری کے تحت نہیں بلکہ اپنی مرضی سے سیکولر دستور کو اختیار کیا ہے،جمعیۃ علماء ملک کے ستم رسیدہ اور مظلوم باشندوں کو ساتھ لیکر سیکولر دستور کی بحالی اور اس کی بالا دستی کے لئے لڑائی لڑتی رہے گی۔
واضح رہے کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر ضلعی و زونل جمعیۃ علماء کے صدور و نظماء کے نام سے ایک سر کلر جاری کیا گیا تھا جس میں مدارس عربیہ اور ذمہ داران جمعیۃ علماء سے اپیل کی گئی تھی کہ حسب سابق مدارس اور کھلے صحن میں پرچم کشائی کا نظام بنائیں اور جمہوری دستور کی افادیت سے عوام الناس کو روشناس کرانے کے لئے تقاریر اور کلچر ل پروگرام کی ترتیب بنائیں۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر سے جاری سرکلر میں پورے صوبہ میں جمعیۃعلماء کے مقامی دفاترپر ذمہ داران و اراکین نے یوم جمہوریہ کی تقریب کو انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا ،جن میں ممبئی عظمیٰ ،باندرہ،گونڈی،کاجو پاڑہ کرلا ،بھانڈوپ،ملاڈ،ممبرا ،تھانے،
بھیونڈی،امبر ناتھ،میرا روڈ،وسئی روڈ،نالاسوپارہ،جلگاؤں،مالیگاؤں،ناسک،دھولیہ،نندوربار، ہنگولی،اورنگ آباد،پربھنی،جالنہ،
ناندیڑ،بیڑ، ناگپور،ایوت محل،واشم،واکولہ،بلڈانہ،پمپری، پونے،احمد نگر،کرندواڑ،کولہا پور ،سانگلی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔