یوپی میں زعفرانی سیاست ، اب اکھلیش سرکار کے سائیکل ٹریک پر چڑھا بھگوارنگ
نئی دہلی 20جنوری :اتر پردیش میں یوگی حکومت کے قیام کے بعد عمارتوں کے زعفران زار کرنے کا کام جاری ہے۔ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ دفترسے لے کراسکول، بسیں، یہاں تک کی لکھنؤ کے حج ہاؤس کی دیواروں کو بھی زعفران رنگ سے ’ بھگوا‘ زدہ کر دیا گیا تھا ؛ لیکن اب سابقہ اکھلیش یادو حکومت میں بنے لکھنؤ کے سائیکل ٹریک کا بھی بھگوا رنگ میں رنگ دیا گیا ہے۔ لکھنؤ کے گومتی نگر میں کارپوریشن نے سائیکل ٹریک کے کنارے لگے ڈیوائڈر پر بھگوا رنگ سے پتائی کروا دی گئی ہے۔ اس سے پہلے اس پر سیاہ پیلے رنگ کی پتائی ہوئی تھی۔ یوپی میں بھگوا رنگ کی پتائی کے لئے کارپوریشن کی جانب سے ایجنسیوں کو لاکھوں کے ٹینڈر دیئے گئے ہیں۔یوپی حکومت ریاست میں صنعتی سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے 21۔22 فروری کو انویسٹرس سمٹ کا انعقاد کر رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے لکھنؤ میں جگہ جگہ بھگوار نگ سے قلعی کی جا رہی ہے ۔ نوابوں کے شہر لکھنؤ کو اب تو مکمل طور پر بھگوا رنگ سے قلعی کی جا رہی ہے ؛ لیکن تعجب اور حیرت کی بات یہ ہے کہ کارپوریشن کے پاس ملازمین کی تنخواہ دینے کے پیسے نہیں ہیں، مگر اس کے باوجود کارپوریشن بھگوا رنگ سے رنگے جانے کے لیے کروڑوں کا ٹینڈر دے رہا ہے ۔ یہ الزام بھی لگایا جارہا ہے کہ ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے ایسے قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔کارپوریشن کی جانب سے تمام پارکوں کو بھی زعفران رنگ سے رنگنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔