وکلاء یونین کی ہائی کورٹ میں درخواست دائر امیت شاہ کو بری کیے جانے کے فیصلے کو سی بی آئی کے ذریعہ چیلنج نہیں دینے کے خلاف اٹھایا قدم 

ممبئی 19جنوری :ممبئی کے ایک وکلاء یونین نے سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ کو بری کرنے کے نچلی عدالت کے فیصلے کو چیلنج نہیں دینے کے سی بی آئی کے فیصلے کے خلاف جمعہ کو ممبئی ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی عرضی دائر کی۔ ذرائع کے مطابق ممبئی وکلاء یونین نے مفاد عامہ کی عرضی میں ہائی کورٹ سے سی بی آئی کو ہدایات دینے کی اپیل کی ہے کہ وہ امیت شاہ کو بری کرنے کے سیشن عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ایک جائزہ درخواست دائر کرے۔ وکلاء کے وکیل احمد عابدی نے عرضی میں کہا کہ عرضی جسٹس ایس سی دھرم ادھیکاری اور جسٹس بھارتی ڈانگرے کے بنچ کے سامنے 22 جنوری کو درج ہی کی جائے گی۔ ذرائع کی رپورٹ کے مطابق عرضی میں کہا گیا ہے کہ سی بی آئی ایک اہم جانچ ایجنسی ہے۔ اس کا عوامی فریضہ ہے کہ وہ اپنے فرائض سے قانون کی حکمرانی پر عمل کرے جس میں وہ ناکام ہوئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ نچلی عدالت نے اسی طرح سے راجستھان کے دوپولیس ہمانشو سنگھ اور شیام سنگھ چرن اور گجرات پولیس کے سینئر افسر این کے امین کو بھی بری کیا تھا۔