طلاق ثلاثہ پر بل منظور کرانا مودی حکومت کا ’انقلابی قدم‘: امیت شاہ امیت شاہ اس غیر معقول اقدام کو تاریخی قراردے کر اپنی پیٹھ خود ہی تھپتھپارہے ہیں ۔ ایک مخصوص فرقہ کو محصور کرنے کی کوشش کی گئی ہے

فیروز آباد 29 دسمبر: بی جے پی صدر امت شاہ نے تین طلاق کے خلاف کل لوک سبھا میں بل منظور کئے جانے کے لیے مرکز کی نریندر مودی حکومت کا ’انقلابی قدم‘ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ پارلیمنٹ کی تاریخ میں 28 دسمبر کو سنہرے دن کے طور پر درج کیا جائے گا۔ امیت شاہ نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ یہاں ایک ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ کل پارلیمنٹ میں وزیر اعظم مودی نے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ پارلیمنٹ کی تاریخ میں 28 دسمبر کو ایک سنہر ے دن کے طور پر لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کی منشا کے مطابق تین طلاق کے خلاف ایک بل پاس کراکر مسلم خواتین پر طلاق کے نام پر ہو رہے مظالم ختم کرنے کی سمت میں مضبوط قدم اٹھایا ہے ۔ حالانکہ اس بل میں کئی طرح کی خامیاں موجود ہیں اور سپریم کورٹ نے خود طلاق ثلاثہ کو غیر قانونی قرار دیا ہے تو پھر یہ کیسا بل ہے جس میں ایک مخصوص فرقہ کو محصور کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور سبز باغ دکھا کر مسلم خواتین کے ساتھ ریاستی جبر کیا جا رہا ہے ، تاہم امیت شاہ اس غیر معقول اقدام کو تاریخی قراردے کر اپنی پیٹھ خود ہی تھپتھپارہے ہیں ۔ امیت شاہ نے اتر پردیش کی پیشرو حکومتوں پر ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب ریاست کی یوگی حکومت مرکز کے ساتھ مل کر کسانوں کی مدد اور غریبوں کی بہبود و فلاح کے لئے مکمل تیاری سے کام کرے گی۔ گزشتہ دنوں نوئیڈا میں منعقد ایک پروگرام میں وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ انہوں نے اتر پردیش کو گود لے لیا ہے۔ یہ ان کی یوپی سے محبت اور سب سے بڑی ریاست کی’ وکاس ‘ کے منشا کی عکاسی کرتا ہے۔ مودی اور یوگی دونوں مل کر ملک اور ریاست کو ماڈل بنا رہے ہیں۔ وزیر اعلی یوگی نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں کامیابی سے دنیا میں بی جے پی کی ساکھ اور مضبوط ہوئی ہے اور اس سے ہم ترقی کے تئیں آگے بڑھ رہے ہیں۔ تاہم خیال رہے کہ یہ وکاس صرف ان کے پارٹی کے کارکنان ، ان کے مخاطبین اور ان کے حامیوں کو ہی نظر آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانچ کے لئے مشہور فیروز آباد کی ترقی کے لئے ان کی حکومت ’ایک ضلع ایک مصنوعات‘ کی پالیسی کو جلد ہی لانے جا رہی ہے ۔ اس سے قبل یوگی اور بی جے پی صدر ا میت شاہ نے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر انل جین کے والد مرحوم لالہ کنور سین کی یاد میں بننے والے کے. ایس. چیریٹیبل ہاسپٹل کی بنیاد رکھی۔