قومی اردو کونسل نے لوگوں کے دروازے تک کتابیں پہنچانے کی کوشش کی ہے: شاہنواز محمد خرم کل ہند اردو کتاب میلے کا ساتواں دن
سولاپور :۲۹ دسمبر: آمنا سامنا میڈیا (خاص رپورٹ، عمران انعامدار) کل ہند اردو کتاب میلہ کامیابی سے اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔کتابوں کی فروخت بھی ہورہی ہے اور مختلف شہروں سے اہم شخصیات کی شرکت بھی ہورہی ہے۔ یہاں کی اساتذہ تنظیمیں بھی قابل تعریف ہیں جن کی کوششوں سے طلبا اور دیگر لوگوں نے کتابوں کی فروخت میں دلچسپی دکھائی۔یہ باتیں قومی اردو کونسل کے ریسرچ آفیسر اور میلہ انچارج جناب شاہنواز خرم نے کہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد کتابوں کی فروخت کا کوئی ریکارڈ قائم کرنا نہیں ہے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ لوگ اردو کتابوں کے قریب آئیں۔ کونسل نے لوگوں کے دروازے تک کتابیں پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ کونسل ہندوستان میں اردو زبان و ادب کے فروغ کی نوڈل ایجنسی ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ اردو زبان ہر شہر، ہر گاؤں اور ہر شخص تک پہنچے۔ کتاب میلے کا انعقاد بھی اسی کوشش کی ایک کڑی ہے۔قومی اردو کونسل نے یہ میلہ سولا پور کی مقامی تنظیم بز م غالب کے اشتراک سے منعقد کیا ہے۔بزم غالب کے صدر اور مقبول شاعر و ڈراما نگار جناب بشیر پرواز نے کہا کہ سولا پور اور اطراف کے علاقوں میں اردو کے چاہنے والے بڑی تعداد میں رہتے ہیں اور اس کتاب میلے سے یقینی طور پر سولا پور میں اردو کا ایک نیا جہاں آباد ہوا ہے۔ پورا شہر اردو کے رنگ میں رنگا ہوا ہے۔
کل شام میلے میں کل ہند خواتین مشاعرے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ مشاعرے کے کنوینر سولا پور کے مشہور شاعر سراج سولا پوری تھے۔ جب کہ مشاعرہ کمیٹی میں محترمہ سبینہ انگلکی،کنیز فاطمہ کانچ والا،آمنہ جنواڑکر،مہہ جبیں ملا اور ممتاز شیخ شامل تھیں۔ مشاعرے کی صدارت دہلی سے تشریف لائیں ڈاکٹر سلمیٰ شاہین نے کی جب کہ نظامت ممبئی سے آئیں محترمہ سہانہ ناز نے انجام دی۔ مشاعرے میں نکہت مراد آبادی،حنا انجم(الٰہ آباد)معصومہ تبسم(مالیگاؤں)نکہت امروہی،ڈاکٹر نزہت انجم (لکھنو) وغیرہ نے شرکت کی۔مشاعرے میں بطور مہمان خصوصی مقامی ایم ایل اے محترمہ پرنیتی شندے نے شرکت کی اور خواتین شاعرات کو ان کے کلام پر خوب داد دی۔انھوں نے اس کتاب میلے کے اہتمام کے لیے قومی اردو کونسل اور بزم غالب کی ستائش بھی کی۔ مشاعرے سے قبل طالبات نے ایک قوالی پیش کی جسے سامعین نے کافی پسند کیا۔میلے میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران محمد شمس الدین ظفر گلبرگوی کے مجموعہ کلام بوستان سخن کی رسم اجرا بھی انجام دی گئی۔ میلے میں بیجا پور، بیدر اور اعظم کیمپس پونے کے اساتذہ و طلبا کا وفد تشریف لایا اور بڑی تعداد میں کتابیں خریدیں۔ (رابطہ عامہ سیل )