بھارت نہیں چاہتا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف کامیاب ہوں: پاک فوجی ترجمان کا الزام 

راولپنڈی28دسمبر:ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابیاں جاری رہیں تاہم انہوں نے اس بات کا اعادہ کیاکہ فوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیاں جاری رہیں تاہم فوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے، 2017 میں بھارت کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں میں تیزی رہی جب کہ اس سال ہمارے فوجیوں کی شہادت 250سے زائد ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا اور اس سال بھی 25 دسمبر کو جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سب محض پروپیگنڈا ہے جو کہ کشمیر میں آزادی کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔ترجمان پاک فوج کا الزام تھا کہ امریکا نے بھی پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے۔ بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے پاکستان کو دھمکی دی گئی ہے ، تاہم پاکستان کی فوج امریکا کو واضح کر دینا چاہتی ہے کہ ہم دوستوں سے لڑانہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکاکی طرف سے ہمیں جو بھی رقم ملی وہ اخراجات کی مد میں ملی ؛ لیکن ہم اپنی ملکی خودمختاری اور عزت پرسمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک پر منڈلاتے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں جس کے ازالہ کے لیے پاک فوج کو بہت قربانیاں پیش کرنی ہوں گی ۔