ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلان القدس کو کسی کی سیاسی حمایت حاصل نہیں:اردن
عالمی برادری نے اپنا اجتماعی فیصلہ دے دیا،القدس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سخت نقصان دہ ہوگی: اردنی وزیر خارجہ کی گفتگو
عمان :24دسمبراردن نے باور کرایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس کو کسی سطح کی بھی سیاسی حمایت حاصل نہیں ہے۔ القدس کے حوالے سے امریکا ایک متنازع فیصلہ کرکے دنیا میں تنہا ہوگیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس سیاست سے بالا تر معاملہ ہے۔ اس کی کسی قسم کی سیاسی بندر بانٹ نہیں ہوسکتی۔ اردنی وزیر نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی قرارداد کو وارننگ کی گھنٹی سمجھا جانا چاہیے جس میں دنیا نے خبردار کیا ہے کہ بیت المقدس کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ سخت نقصان دہ ہوگی۔ایمن الصفدی کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی کی قرارداد میں عالمی برادری نے اپنا اجتماعی فیصلہ دے دیا ہے۔ جنرل اسمبلی کی قرارداد مضبوط سیاسی پیغام ہے جس میں بتا دیا گیا ہے کہ بیت المقدس کے حوالے سے کسی قسم کی یک طرفہ کارروائی یا فیصلے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔اردنی وزیر کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے دارالحکومت پر مشتمل فلسطینی ریاست کے قیام تک مشرق وسطی میں امن اور استحکام پیدا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان القدس سیاسی طور پر تنہائی کا سامنا کررہا ہے۔ قانونی طور پر اس کا بیت المقدس کی حیثیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ایک سوال کے جواب میں ایمن الصفدی کا کہنا تھا کہ یورپی ملکوں نے بھی امریکا کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ القدس کے بارے میں ان کے اعلان کو تسلیم نہیں کرتے۔ جنرل اسمبلی میں ایک محدود تعداد نے عرب ممالک کی پیش کردہ قرارداد سے انکار کیا جب کہ بھاری اکثریت نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے القدس کے بارے میں امریکی اعلان کو باطل قرار دیا ہے۔