مظفر نگر فساد: ملزمین کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ رد

مظفر نگر۔ ۲۴؍دسمبر: مظفر نگر فسادات معاملے میں بی جے پی کو آج بڑی راحت ملی ہے۔ کورٹ نے اترپردیش میں وزیر سریش رانا، ایم ایل اے سنگیت سوم اور ممبرآف پارلیمنٹ بھرتیندر سنگھ کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ رد کردیا ہے۔ ان تینوں کے خلاف حدود کی خلاف ورزی کرنے اور سرکاری اہلکاروں کے کام میں رخنہ ڈالنے کا الزام عائد تھا۔ سماج وادی پارٹی کے دور حکومت میں مغربی اترپردیش کے مظفر نگر اور آس پاس کے علاقوں میں فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے جس میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی تھی اور جائیدادوں کا اتلاف بھی ہوا تھا۔ مظفر نگر فسادات میں بی جے پی لیڈران کی شرکت کو لے کر اپوزیشن شروع سے ہی حملہ آور رہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق ریاستی سرکار سے ان تینوں کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری ملنے کے بعد ۱۵؍نومبر کو غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیاگیا تھا اب ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ مدھو گپتا کی عدالت نے سریش رانا، سنگیت سوم اور بھرتیندر سنگھ کے خلاف جاری ورانٹ کو رد کردیا ہے ۔