سری نگر کے کئی حصوں پر کرفیو نافذ میرواعظ عمر فاروق کو نظر بند کردیا گیا

سرینگر، 22 دسمبر:جموں کشمیر انتظامیہ نے علیحدگی پسندوں کی ہڑتال اور احتجاج کے پیش نظر قانون و انتظام کو بحال رکھنے کی خاطر سری نگر میں ایک بارپھر کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ سری نگر میں سات تھانہ حلقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ شہر کے سفاک دل ، رعنا واری ، وغیرہ تھانہ حلقوں میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ کیا گیا ہے ۔جبکہ میسوما علا قہ میں جزوی کرفیو نافذ رہے گا ۔حکام کے مطابق قانون و انتظامیہ کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی طور پر یہ اقدام کیا گیا ہے ۔ واضح ہو کہ کل مشترکہ قیادت نے شوپیاں اور کپواڑہ اضلاع میں شہریوں پر جبری تشدد کے خلاف آج جمعۃ المبارک کی نماز کے بعد پر امن بندکااعلان کیا تھا ۔ منگل کو جنوبی کشمیر میں شوپیاں میں ایک خاتون جبری تشدد کی وجہ سے جاں بحق ہوگئی تھیں ۔ اسی مبینہ تصادم میں جنگجو بھی لقمہ اجل ہوئے تھے ۔ اس دوران انتظامیہ نے میرواعظ عمر فاروق کو نظر بند کر دیا ہے جب کہ گیلانی گذشتہ کئی ماہ سے نظر بندہیں۔ میروا عظ نے ٹویٹ کرکے کہا کہ مجھے نظر بند کیا گیا تھا ؛ لیکن شام میں نظر بندی ہٹالی گئی ۔