گلزار احمد اعظمی انقلاب ایوارڈ کیٹگری ” کفالت و خدمات ” سے سرفراز،مبارکباد کا سلسلہ جاری 

ممبئی ۱۹؍ دسمبر
روزنامہ انقلاب کی جانب سے رائے شماری کے ذریعہ جناب گلزار احمد اعظمی صاحب کو انقلاب ایوارڈز برائے خدمات و کفالت سے نوازے جانے پر جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) کے حلقہ میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے،اور جماعتی ،سیاسی،سماجی اور صحافتی میدانوں سے جڑی شخصیات کی جانب سے مسلسل مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر میں آج ریاستی عہدیداروں نے بھی موصوف کو گلدستہ اور شال کے ذریعہ مبارکباد پیش کیا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر)نے کہا کہ موصوف اپنی پیرانہ سالی کے باوجود ملک کے مختلف ریاستوں میں جاری مقدمات پر گہری نظر رکھتے ہیں اوردہشت گردی کے الزام میں گرفتار بے گناہ مسلمانوں کے مقدمات کی بہترین وکلاء کے ذریعہ کامیاب پیروی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں آپ کی ان خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گزشتہ دنوں روزنامہ انقلاب کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی )نے اعزاز ملنے پر شکر الٰہی ادا کیا اور کہا کہ یہ آپ احباب اور جماعت کے تمام محبین و محسنین کی بدولت ملا ہے ورنہ اس میں بندہ کا کوئی کمال نہیں ۔اور دعا فرمائی کہ اللہ رب العزت اسی طرح قوم و ملت کی خدمت کرتے ہوئے اپنی لقاء نصیب فرمائے۔
اس موقع پرمولانا اشتیاق احمد قاسمی (نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر) مولانا محمد عارف عمری (ناظم شعبہ نشر و اشاعت جمعیۃعلماء مہاراشٹر)حافظ محمد عارف انصاری(جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے و پالگھر) شکیل رشید (ایڈیٹر روزنامہ اردو نیوز ،ممبئی)محمد طارق مستقیم شیخ (مدن پورہ) مفتی سعید الرحمٰن فاروقی قاسمی(امام و خطیب اسلام پور ہ مسجد ،ممبئی ) مولانا شاہد الناصری الحنفی(ادارہ دعوۃ السنۃ،ممبئی) مولانا محمد اسید قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء شمال مشرقی زون ،ممبئی)مولا نامحفوظ الرحمٰن قاسمی وغیرہ موجود تھے ۔