حق کی آواز اٹھانے والوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک جمہوریت کا گلا گھونٹنے کے مترادف: نظر عالم اردو ٹی ای ٹی امیدواروں کی حمایت میں آخری مرحلہ کی لڑائی لڑنے کو تیار ہے بیداری کارواں

دربھنگہ ،29؍نومبر:اردو ٹی ای ٹی پاس امیدواروں کے ساتھ پٹنہ پولیس کا ظالمانہ برتاؤ ریاستی حکومت کی منشاء اور نیت پر سوال کھڑے کرنے کیلئے کافی ہے ۔ کےئریر بنانے کی فکر میں در در کی ٹھوکریں کھانے والے اسپیشل اردو ؍بنگلہ ٹی ای ٹی امیدواروں کے ذریعہ جمہوری طریقے سے سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنا اور چین کی نیند سونے والی حکومت کو بیدار کرنا ،آخر کس زاویہ سے نظم و نسق اور ضابطوں کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے کہ پٹنہ پولیس نے ان نہتے لوگوں کو بری طرح سے مارا پیٹا ہے اور خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ اقتدار کیلئے بی جے پی کا ہاتھ تھامنے کے ساتھ ساتھ اس کے نظریات کو بھی من و عن قبول کرلیا ہے یہی وجہ ہے کہ ریاستی حکومت یکے بعد دیگرے اقلیتوں کے مسائل سے نظریں چرانے لگے ہیں اور اقلیتوں کی آواز دبانے کیلئے لاٹھی اور گولی کا استعمال کرنے لگے ہیں ۔ مذکورہ باتیں آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظر عالم نے پریس بیان میں کہی ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ پٹنہ پولیس کا حالیہ رویہ جمہوریت کے خلاف ہے اور حق حقوق کی آواز اٹھانے والوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک حق او رانصاف کے قتل کے مترادف ہے ۔کارواں سرکار کے ایسے کسی بھی رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے اور لاٹھی چارج میں زخمی مظاہرین کے ساتھ پوری ہمدردی کا اظہار کرتی ہے ۔ اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ہزاروں امیدواروں کے مستقبل کی فکر کرتے ہوئے جلد از جلد کوئی راہ نکالے ۔ ورنہ حق اور انصاف کیلئے ہماری تنظیم اردو ٹی ای ٹی امیدواروں کے ساتھ آخری مرحلہ کی لڑائی لڑنے کو تیار ہیں۔