فرح صدقی نے’دو من کی دھوبن’ سے مصری ملکہ حسن کا سفر کیسے طے کیا؟ لڑکپن میں 220 پونڈ وزن اور پھر مِس یونیورس کے مقابلے میں شریک
واشنگٹن27؍نومبر:فرح صدقی.. جی ہاں یہ ہے مصر کی 23 سالہ ملکہ حسن جس نے امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والے مِس یونیورس کے مقابلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔دل چسپ بات یہ ہے کہ لڑکپن کے دوران اسے انتہائی موٹاپے کا سامنا تھا۔ فرح کا وزن 99 کلوگرام یعنی تقریبا 220 پونڈ تک پہنچ گیا اور قریب تھا کہ وہ ایک انتہائی خطرناک مرض کا شکار ہو جائے۔ تاہم سہیلیوں کے مذاق کا نشانہ بننے والی فرح نے چیلنج قبول کرتے ہوئے نہ صرف اپنا وزن کم کیا بلکہ وہ رواں برس مصر کے مقابلہ حسن میں جیت کو اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی۔فرح نے امتیازی پوزیشن کے ساتھ زبانوں اور ترجمے شعبے میں گریجویشن مکمل کیا۔ اسے چھ زبانیں آتی ہیں جن میں عربی، انگریزی، اطالوی، فرانسیسی، پرتگالی اور ہسپانوی شامل ہیں۔
گزشتہ جمعے کے روز امریکی جریدے People میں شائع ہونے والے خصوصی انٹرویو میں فرح نے بتایا کہ 15 برس کی عمر ہونے سے قبل ڈاکٹر نے باور کرایا تھا کہ اگر اس نے اپنا وزن کم نہ کیا تو وہ 6 ماہ کے دوران ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہو جائے گی۔ فرح کے مطابق یہ پہلا موقع تھا جب اس نے اپنے والد کو روتے ہوئے دیکھا۔اس موقع پر فرح صدقی نے وزن کم کرنے اور ایک صحت مند طرز زندگی اپنانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے اپنے کھانوں کی تعداد کم کی اور شام سات بجے کے بعد "کاربوہائیڈریٹس” لینا بند کر دیا۔ وہ ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتی رہی اور اس دوران اپنی غذاؤں میں لیموں کا بہت زیادہ استعمال کرتی کیوں کہ وزن کی کمی کے لیے لیموں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔اس طرح فرح نے روز وشب کی محنت کے نتیجے میں 36 کلو گرام یعنی تقریبا 80 پونڈ وزن کم کر لیا اور مصر میں مقابلہ حسن کو جیت کر مِس یونیورس کے مقابلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔فرح صدقی کے علاوہ دیگر عرب ممالک کی حسیناؤں نے بھی مِس یونیورس کے مقابلے میں شرکت کی۔ لبنان جو دو برس سے مذکورہ مقابلے سے غائب تھا رواں برس جنی صادر نے اس کی نمائندگی کی۔ جنی نے رواں برس 18 فروری کو چین میں ہونے والے مِس ورلڈ کے مقابلے میں بھی شرکت کی تھی۔ بیس سالہ جنی صادر کا قد 177 سینٹی میٹر اور وزن 57 کلو گرام ہے۔ وہ لبنانی یونیورسٹی میں قانون کے شعبے میں تیسرے سال کی طالبہ ہے۔عراق بھی گزشتہ 45 برسوں سے مِس یونیورس کے مقابلوں سے غیر حاضر رہا۔ تقریبا نصف صدی قبل وجدان سلمان نامی خاتون نے 1972 میں ہونے والے مقابلے میں شرکت کی تھی۔ رواں برس لاس ویگاس کے ایونٹ میں 27 سالہ سارہ عیدان نے عراق کی نمائندگی کی۔ بنیادی طور پر وسطی عراق کے صوبے "بابل” سے تعلق رکھنے والی سارہ نے بغداد میں آنکھ کھولی۔ وہ موسیقی بجانے، گلوکاری اور نغمے لکھنے کا شوق رکھتی ہے۔ اس نے پرفارمنگ آرٹس میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ اس نے 2016 میں مِشی گن میں ہونے والے عراق کے ملکہ حسن کے مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کی۔