حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحب کا انتقال ایک عظیم سانحہ مسلم پرسنل لاء بورڈاورمسلم مجلس مشاورت کااظہارِتعزیت
نئی دہلی 13نومبر:آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بورڈاورمسلم مجلس مشاورت نے عالم اسلام کی معروف شخصیت ، متکلم اسلام ، نانوتوی خاندان کے اہم ستون ، دارالعلوم دیوبند وقف کے صدر مدرس اور بے بدل خطیب حضرت مولانامحمد اسلم قاسمی کے سانحہ ارتحال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔بورڈکے جنرل سکریٹری مولانامحمدولی رحمانی نے کہاکہ مولاناایک علمی خانوادہ کی علمی شخصیت کے حامل تھے۔ان کاقلم جہاں مضبوط تھاوہیں پختہ صلاحیت کے مالک تھے۔امیرشریعت رابع رحمۃ اللہ علیہ سے بھی گہرے روابط رکھتے تھے اوران پران کی شاندارتحریربھی موجودہے ،مجھ سے بھی ان کے روابط رہے۔یہ ملت اسلامیہ کابڑانقصان ہے ۔اللہ تعالیٰ ان کے اہل خانہ کوصبرجمیل دے۔مسلم مجلس مشاورت کے صدرجناب نوید حامد نے عالم اسلام کی معروف شخصیت ، متکلم اسلام ، نانوتوی خاندان کے اہم ستون ، دارالعلوم دیوبند وقف کے صدر مدرس اور بے بدل خطیب حضرت مولانامحمد اسلم قاسمی کے سانحہ ارتحال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ صدر مشاورت نے حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس حادثہ کو ملت اسلامیہ ہند کے لیے ایک عظیم خسارہ قرار دیا ۔ حضرت مولانا نے ساری زندگی ملت کی تعلیم و تربیت دینے میں گزاری اور مشاورت سے طویل عرصہ تک وابستہ بھی رہے۔ مولانا محمد اسلم قاسمی بردباری وحلم کی یکتہ مثال تھے اور عاشق رسول ہونے کے ناطے سیرت نبوی پر آپ کے خطابات سے جو وجد طاری ہوتا تھا وہ محبان رسول کے ایمان کوتروتازہ کردیتا تھا۔ صدر مشاورت نوید حامد صاحب نے ان کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اورجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے ، ان کے تعلیمی و ملی کاموں کوقبول فرمائے اور ان کے عزیز واقارب ولواحقین کوصبر جمیل عطا فرمائے۔آمین۔