مولانا محمد اسلم قاسمی کی رحلت علمی دنیاکاناقابل تلافی نقصان
دارالعلوم وقف دیوبند کے صدرالمدرسین وناظم تعلیمات کے سانحۂ ارتحال پر مولانافیروزاخترقاسمی کا اظہارِ تعزیت
نئی دہلی 13نومبر:دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث ،ناظم تعلیمات و صدرالمدرسین مولانا محمد اسلم قاسمی کے سانحۂ ارتحال پر مرکزی جمعیۃ علماء کے جنرل سکریٹری مولانا فیروز اختر قاسمی نے دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانامرحوم خاندانِ قاسمی کی علمی و فکری اور اخلاقی خوبیوں کے امین تھے اور انھوں نے تقریباً پچاس سال تک دارالعلوم دیوبند ودارالعلوم وقف میں جو علمی خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔مولانا قاسمی نے کہا کہ حضرت مولانا محمداسلم قاسمی ایک روشن فکر کے حامل اورحالاتِ زمانہ پر نگاہ رکھنے والے عالم دین تھے اور انہوں نے نہ صرف علمِ حدیث کی تدریس کے ذریعہ طالبان علوم نبوت کی خدمت کی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کا تصنیفی و تالیفی ذوق بھی نہایت عمدہ تھا ،چنانچہ ان کے قلم سے سیرت و اسلامیات پر مختلف کتابیں نکلیں جنہیں اہل علم کے طبقے میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہاکہ مولانا مرحوم اپنی ذاتی زندگی میں ایک بے نفس اور نہایت منکسرالمزاج انسان تھے چنانچہ تمام تر فضل و کمال کے باوجود نہایت سادہ زندگی گزاری اور ہر قسم کے تصنع اور تکلف سے دور رہے۔مولانا قاسمی نے مرحوم کی وفات کی خبر سنتے ہی ان کے پسماندگان سے رابطہ کرکے اظہار تعزیت کیا اور ان کے لئے مغفرت و بلندی درجات کی دعاء کی۔