شیوراج سنگھ چوہان کی غریب کے گھر رات گذارنے کی حقیقت محض ہائی وولٹیج ڈرامہ

چترکوٹ/ مدھیہ پردیش 7نومبر: چتراسمبلی کے ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس اور بی جے پی نے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان خودچترکوٹ میں تین دن سے ڈیرہ جمائے ہوئے ہیں۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔انتخابی مہم کے بعد آرام کرنے وہ گاؤں میں ایک قبائلی کے مکان پر رکے اور وہیں رات کا کھانا بھی کھایا، لیکن ان کے ٹھہرنے کے لیے کیے گئے انتظامات پراب اپوزیشن پارٹی سوال اٹھانے لگی ہے ۔ وزیر اعلی نے اپنی ہر جلسے میں کہا کہ انہیں علاقے میں رکنے کے لئے کسی گیسٹ ہاؤس کی ضرورت نہیں ہے وہ قبائلی کے گھر رک کر ان کے مسائل کو سمجھنا اور اس کو پرکھنا چاہتے ہیں ۔ لیکن سی ایم گاؤں کے جس قبائلی کے یہاں رات کو رکنے والے تھے. وہاں وزیراعلی کے پہنچنے سے پہلے ہی ان کے حامیوں نے وی وی آئی پی انتظامات کر دیئے تھے ۔ وزیر اعلی شیو راج سنگھ نے لامن سنگھ گونڈ کے یہاں رات کا کھانا کھایا، کھانے میں چنے کا ساگ، آلو۔بینگن کا بھرتا اور پوری کا انتظام تھا۔ ان کے وہاں پہنچنے سے پہلے وزیر اعلی کے استعمال کی ہر چیز پیک کرکے منگوائی گئی تھی ، جس روم میں انہوں نے رات کو قیام کیا اس روم میں رنگ و روغن بھی کیا گیا ، لحاف توشک بھی منگوائے گئے اور عارضی بیت الخلا بھی بنوایا گیا تھا ۔