شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سے ملاقات کی
ممبئی ،02؍نومبر (آمنا سامنا میڈیا)
شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سے آج یہاں ملاقات کی جس سے سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائی کا بازار گرم ہو گیا ہے۔شیوسینا کے سربراہ نے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کے ساتھ جنوبی ممبئی کے ایک ہوٹل میں ٹھہری ممتا سے ملاقات کی۔شیوسینا اور بنرجی کی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) دونوں کی نوٹ بندی سمیت کئی مسائل پر بی جے پی اور مرکز کی مودی حکومت کے ساتھ ان بن رہی ہے۔گزشتہ منگل سے شہر میں موجود بنرجی کے کل کولکاتہ واپس ہونے کی امید ہے۔بنرجی نے جنوری میں کولکاتہ میں منعقد ہونے والے ’بنگال گلوبل بزنس سمٹ‘کے چوتھے ایڈیشن کے پیش نظر کل یہاں بڑے صنعت کاروں اور بینکاروں سے ملاقات کی تھی۔نوٹ بندی کے مسئلے کو لے کر بی جے پی کو گھیرنے کی کوشش میں شیوسینا بھی ترنمول کانگریس کے ساتھ آ گئی تھی۔ٹھاکرے نے گزشتہ سال نومبر میں صحافیوں سے کہا تھا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی کے شرد پوار (این سی پی سربراہ) کے ساتھ میٹنگ کرنے میں کچھ غلط نہیں ہے تو شیوسینا اگر ایک اہم مسئلے پر بنرجی کے ساتھ بات کرتی ہے تو اس میں بھی کچھ غلط نہیں ہونا چاہئے۔