دہشت گرد سرگرمیوں کی اطلاعات کے بعددیوبند، سہارنپوراور مظفر نگر کے تمام پاسپورٹ ہولڈرز کے دستاویزات کی جانچ، دارالعلوم دیوبند کے سینکڑوں غیر ملکی طالب علموں کے دستاویزات کی بھی جانچ کی جائے گی

میرٹھ ،31 اکتو بر :اتر پردیش کے دیوبند میں مسلسل دہشت گرد سرگرمیوں کی اطلاعات کے بعد اب یوپی پولیس نے یہاں حساس شہروں میں رہنے والے تمام لوگوں کے پاسپورٹ کا ویری فیکیشن کرنا شروع کر دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی سہارنپور اور مظفرنگر اضلاع میں بھی پاسپورٹ کی جانچ شروع کی گئی ہے۔اتر پردیش اے ٹی ایس نے حال ہی میں دو بنگلہ دیشی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ان کے پاس دیوبند کے ایڈریس کا پاسپورٹ ملا تھا۔سہارنپور ڈی آئی جی کے ایس امینیل نے بتایا کہ لوکل انٹیلی جنس یونٹ (ایل آئی یو)کو بھی اس پورے مہم میں یوپی پولیس کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ غیر ملکی طالب علموں کے دستاویزات کی بھی جانچ کی جائے گی۔سینکڑوں غیر ملکی طالب علم دیوبند کے دارالعلوم میں پڑھتے ہیں۔ڈی آئی جی نے بتایا کہ یہ چیکنگ مہم صرف دیوبند یا کسی خاص کمیونٹی کے لئے نہیں ہے۔مظفرنگر اور سہارنپور میں بھی یہ مہم چل رہی ہے کیونکہ یہاں سے بھی دہشت گرد سرگرمیوں کی اطلاعات آ رہی تھیں۔جتنے بھی لوگوں کے پاس پاسپورٹ ہے ان سب کے دستاویزات کی جانچ ہوگی۔گزشتہ کئی ایسی مثالیں ہیں جب یہاں کے کئی مشتبہ لوگوں کی شناخت پر سوال اٹھا ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ اگست میں مظفرنگر سے ایک بنگلہ دیشی مشتبہ دہشت گرد پکڑا گیا تھا۔اس کا پاسپورٹ سہارنپور کے ایڈریس پر بنا تھا۔پولیس ملک کی سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔لہٰذا ان علاقوں کے تمام پاسپورٹ رکھنے والے لوگوں کے دستاویزات کی جانچ کرے گی تاکہ ایسے لوگوں کو پکڑا جا سکے۔