کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکنہیا کمار کو بیگو سرائے سمیت بہارکے کسی بھی پارلیمانی حلقہ سے اپنی پارٹی کا امیدوار بنا سکتی ہے۔
بیگوسرائے30اکتوبر:جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار دو ہزار انیس میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں اپنی قسمت آزما سکتے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاانہیں الیکشن کے میدان میں اتارنے پر غور کررہی ہے۔ پارٹی کے بہار کے سکریٹری ستیہ نارائن سنگھ نے یہ بات کہی ہے۔ستیہ نارائن سنگھ نے کہا کہ پارٹی دو ہزار انیس میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں نوجوان لیڈر کنہیا کمار کو بیگو سرائے سمیت بہارکے کسی بھی پارلیمانی حلقہ سے اپنی پارٹی کا امیدوار بنا سکتی ہے۔ پارٹی کے قومی سکریٹری کے نارائن کے ساتھ میڈیاسے گفتگوکے دوران ستیہ نارائن نے کہا کہ پارٹی کنہیا کو اگلے لوک سبھا الیکشن میں امیدوار بنانے پر غور کررہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں کہ کیا کنہیا کمار اس کے لئے راضی ہیں اور اس سلسلہ میں ان سے بات ہوئی ہے ، ستیہ نارائن نے کہا کہ وہ اس کیلئے تیار ہیں۔ خیال رہے کہ کنہیا کمار بیگو سرائے ضلع کے برونی سیکشن کے بیہٹ پنچایت کے رہنے والے ہیں۔ ستیہ نارائن نے بتایا کہ کنہیا کمار حال ہی میں بیگو سرائے آئے تھے اور انہوں نے یہاں کے کئی علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا۔