پورے ملک میں دینی تعلیمی بیداری مہم چلائی جائے گی اور گھر گھر تعلیمی سروے کیاجائے گا مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعےۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کا اہم فیصلہ
نئی دہلی27اکتوبر:مسلم معاشرے میں دینی تعلیم گھر گھر عام کرنے کی غرض سے پورے ملک میں ’’دینی تعلیمی بیداری مہم ‘‘ چلائی جائے گی ، نیز گھر گھر جا کر تعلیمی سروے کیا جائے گا تا کہ اس کے مطابق لائحہ عمل طے کیا جائے ۔ یہ فیصلہ جمعرات کی شام مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعےۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں لیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صدر مرکزی دینی تعلیمی بور ڈ جمعےۃعلما ء ہند، مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعےۃ علماء ہند ،مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری ناظم عمومی دینی تعلیمی بورڈ سمیت ملک کے کئی اہم ذمہ دارحضرات شریک ہوئے ۔ اجلاس میں دینی تعلیمی بورڈ سے ملحقہ مکاتب کی جامع رپورٹ پیش کی گئی اور طے کیا گیا کہ آئندہ یکم تا ۱۰؍اپریل ۲۰۱۸ء دینی تعلیمی بیداری مہم عشرہ منایا جائے گا اور عشرہ منانے سے قبل مختلف صوبوں میں تعلیمی بیداری سے متعلق نمائندہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے ۔ مجلس عاملہ نے پروگرام کو موثر بنانے کے لیے ملک کو کئی ز ون میں تقسیم کرکے اس کے الگ الگ کنوینر بھی نامزد کیے ہیں ، چنانچہ صوبہ کرناٹک، تمل ناڈو ، آندھرا پردیش و تلنگانہ ، ہریانہ ، پنجاب ، ہماچل، دہلی اور راجستھان کے لیے مفتی شمس الدین بجلی، صوبہ آسام ، تری پورہ ، منی پور، مگھیالیہ کے لیے مولانا عبدالقاد ر، مولانا محبوب اور صوبہ بنگال اور بہار کے لیے مولانا صدیق اللہ و مولانا عبدالسلام کو کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔بورڈ کی مجلس عاملہ نے عصر حاضر کے تقاضوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے نئے نصاب کی تیاری کی بھی منظوری دے دی ہے ، ساتھ ہی یہ ہدایت دی ہے کہ اس سلسلے میں ارکان اسلام(مفتی اعظم حضرت مفتی کفایت اللہؒ صاحب) اور تاریخ اسلام ( مولانا محمد میاں ؒ ) سے بھی استفادہ کیا جائے ۔مجلس عاملہ نے بورڈ کو مزید فعال و متحرک کرنے پر زوردیا اور ہدایت دی کہ ہر صوبے میں دینی تعلیمی بورڈ قائم کیا جائے اور جو حضرات اپنے مکاتب کو دینی تعلیمی بورڈ سے ملحق کرنا چاہتے ہیں ، نصاب کا جائزہ لے کر ان کا الحاق منظور کر لیا جائے۔ بورڈ کے اس اجلاس میں مذکورہ شخصیا ت کے علاوہ دیگر شرکاء کے نام حسب ذیل ہیں :مفتی عبداللہ معروفی دارالعلوم دیوبند، مولانا متین الحق اسامہ کانپور، مولانا کلیم اللہ ہنسور ، مفتی شمس الدین بجلی بنگلور، مولانا صدیق اللہ چودھری مغربی بنگال،مولانا محبو ب حسن آسام ، مفتی احمد دیولہ گجرات، مولانا محمد ناظم پٹنہ۔مدعو خصوصی کے طور پر مولانا عبدالقادر آسام ، مولانا حافظ ندیم صدیقی مہاراشٹر ،مولانا محمد قاسم پٹنہ ، مولانا نیاز احمد فاروقی ، مولانا قاری شوکت علی ویٹ ، قاری محمد امین راجستھان، حافظ پیر شبیراحمد حید رآباد، مولانا معزالدین احمد، مفتی افتخار احمد بنگلور، مفتی عبدالسلام ، مفتی عبدالمومن تری پورہ ، پروفیسر نثار احمد انصاری گجرات ، مولانا حکیم الدین قاسمی ، حافظ پیر خلیق صابر حید رآباد، مولانا رفیق احمد مظاہری بڑودہ۔