جھارکھنڈ میں بھوک سے ایک اور موت ، دو مہینے سے راشن نہیں ملا تھا آدھار کارڈ سے راشن کارڈ کے لنک نہ ہونے کی وجہ سے کئی مہینوں سے پی ڈی ایس کا راشن نہیں مل رہا تھا۔

رانچی26اکتوبر:جھارکھنڈ میں مبینہ طور پر بھوک سے موت کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں دیو گھر ضلع کے بھگوان پور گاوں میں 62 سالہ روپ لال مرانڈی کی بھوک سے موت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سرکاری حکام نے کہا ہے کہ ستمبر میں اس خاندان کو پی ڈی ایس سے راشن ملا تھا۔ ایسے میں ان کی موت بھوک کی وجہ سے نہیں ہوسکتی۔ حالانکہ، دیو گھر کے ڈپٹی کمشنر نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔گزشتہ مہینے کی 28 تاریخ کو بھی ریاست کے سمڈیگا ضلع میں بھوک سے تڑپ تڑپ کر ایک بچی نے دم توڑ دیا تھا۔ 11 سالہ بچی سنتوشی کے خاندان کو آدھار کارڈ سے راشن کارڈ کے لنک نہ ہونے کی وجہ سے کئی مہینوں سے پی ڈی ایس کا راشن نہیں مل رہا تھا۔ بچی نے بھات۔ بھات کی رٹ لگاتے ہوئے دم توڑ دیا تھا۔اس کے بعد گزشتہ ہفتے ریاست کے دھنباد ضلع میں بھی بھوک کی وجہ سے 45 سالہ رکشہ چلانے والے بیجناتھ روی داس کی بھی مبینہ طور پر موت ہو گئی تھی۔ حالانکہ، ضلع انتظامیہ نے بیجناتھ کی موت کی وجہ بیماری بتائی تھی اور بغیر پوسٹ مارٹم کرائے ان کی آخری رسوم اداکر دی گئیں۔