یوگی کے راج میں اعلی برادری کے نشہ میں حیوانیت کا ننگا ناچ ، کوڑے کی ٹوکری چھوجانے سے دلت حاملہ خاتون کو ماں بیٹے نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا

لکھنؤ25اکتوبر :انسانیت ختم ہوچکی ، لوگ سنگ دل ہوچکے اور اعلی برادری کا نشہ اکیسویں صدی میں بھی سر چڑھ کر بول رہا۔ جس یوپی کو یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں رام راج بنانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا گیا اسی یوپی اور یوگی سرکار کی قیادت والی ریاست میں اعلی برادری کا نشہ سرچڑھ کر بولتے ہوئے پایا گیا جب ایک اعلی برادری کی سفاک عورت او راس کے بیٹے نے محض ٹوکری چھو جانے کی وجہ سے ایک دلت حاملہ خاتون کو پیٹ پیٹ کر جان لے لی ۔ یہ واقعہ کھیتل پوربھنسولی گاؤں میں پیش آیا نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابقہ دلت عورت کو صرف اس لئے پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا گیا جب وہ دلت خاتون کوڑا کی ٹوکری لیکر گاؤں سے باہر جا رہی تھی ۔ مقتولہ ساویتری دیوی کے شوہردلیپ کما رکے مطابق اس کی اہلیہ ساویتری دیوی کوڑے کی ٹوکری لے کر گاؤں جا رہی تھی کہ راستے میں دوسری اعلی برادری کی ایک عورت اپنے بیٹے کے ساتھ کہیں جا رہی تھی کہ غیر ارادی طور سے کوڑے کی ٹوکری کاسرا ماں بیٹے سے چھو گیا بس چھوجانا تھا کہ طیش میں آکر اعلی برادر ی کی خاتون نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر جم کر پٹائی کر دی جس سے مقتول ساویتری دیوی شدید طور پر زخمی ہوگئی اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا ۔ دیہات کوتوالی پولیس نے ملزمہ قاتل انجو اور اس کے سنگ دل بیٹے روہت کے خلاف غیر ارادی قتل اور دیگر دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ انسپکٹر تپیش ساگر نے بتایا کہ مقتولہ کی موت سر میں کافی چوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئی ۔ ایف آئی آر کے بعد اب دیکھنا ہے کہ مظلومہ کو انصاف ملتا ہے یا نہیں؛ کیونکہ بھارتی سرکار خواتین کے تحفظ کے لئے مثبت اقدامات کا اعلان کرتی رہی ہے اور خواتین کے تحفظ کیلئے نئی سرکار اور نئی قیادت لائی گئی ہے اس سے عوامی فلاح کے کتنے مؤثر اقدامات کا مظاہرہ ہواہے ۔ واضح ہو کہ یوگی کی قیادت والی ریاست یوپی میں جرائم ، قتل ، لوٹ اورعصمت دری کے واقعات کی شرح میں حالیہ سروے کے مطابق خطرناک حد تک شدت پائی گئی ہے اور سرکار کسی مثبت اقدامات سے گریزاں ہے؛بلکہ ’پر اسرار ‘ خاموشی اختیار کئے ہوئی ہے۔