مودی چائے نہیں چرس بیچتے تھے لالو پرساد کامودی پر بڑا حملہ جے شاہ کے بہانے اینٹی کرپشن کے دعووں پرراجدلیڈرنے نشانے پرلیا

پٹنہ 22اکتوبر :آرجے ڈی صدر لالو پرساد مسلسل وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر حملہ کر رہے ہیں۔ اب انہوں نے وزیر اعظم پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ چائے نہیں چرس بیچتے تھے ۔بہارکے پہلے وزیر اعلی کرشن سنگھ کے یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس کی طرف سے منعقد پروگرام میں لالو نے وزیر اعظم اور بی جے پی صدر امت شاہ کے متعلق بڑا انکشاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تیلی نہیں ہیں؛ بلکہ وہ’ موٹ گھاسی‘ ہیں جو گجرات کی اعلی برادری میں سے ایک ہے ۔ لالویادونے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے نافذ کردہ جی ایس ٹی اور نوٹ بندی غریب عوام کی دشواری کا سبب ہیں۔ جی ایس ٹی نے ملک کی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں نے مجھے اور میرے خاندان کو گھوٹالہ باز کہا ہے اب امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی بڑھتی ہوئی جائیداد کودیکھ کراسے بھی نامزد ہونا چاہئے۔ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کی کمپنی کے ٹرن اوور میں بے تحاشہ اضافہ کا انکشاف کرنے والی ویب سائٹ ’’ دی وائر ‘‘ پر 100کروڑ کا ہتک عزتی کامقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر صحت اشوک چوبے نے لالو پرساد یادو کے بیان کو مسترکیا ہے ،تاہم لالو نے کہا کہ وہ بی جے پی اور جدیوکو سبق سکھانے کے لئے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں ایک اور ریلی کریں گے۔ لالو پرساد یادو کے اس بیان پر اشوک چوبے نے کہا کہ مودی سے مقابلہ کرنا آسان نہیں ہے ۔واضح ہو کہ لالو پرسادیادو اپنے مخصوص انداز میں مخالف پارٹیوں پر تنقید کیلئے جانے جاتے ہیں ، بہار اسمبلی الیکشن کی انتخابی مہم میں بھی لالو پرساد یادو نے مودی کی نقل اتار کر سامعین کو لوٹ پوٹ کر دیا تھا ۔