عدالت کی اجازت کے بغیر اسٹوڈنٹ یونین الیکشن نہیں کراسکتے:وائس چانسلر

نئی دہلی10اکتوبر: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اسٹوڈنٹ یونین کے انتخابات کرانے کے لئے مختلف طلبہ تنظیموں کی طرف سے جاری مہم کے درمیان یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے آج وضاحت کی کہ چونکہ یہ معاملہ عدالت کے زیر غور ہے اس لئے یونیورسٹی عدالت کی اجازت کے بغیرکسی بھی طرح کے اقدام یا عمل کرنے کی مجاز نہیں ہے۔یونیورسٹی کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق طلباء4 کے ایک وفدنے 5 اکتوبرکوجامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر اور دیگر یونیورسٹی انتظامیہ سے ملاقات کی اور انھیں ایک میمورنڈم سونپا جس میں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اسٹوڈنٹ یونین کے قیام کے لئے انتخاب کا مطالبہ کیا گیا تھا۔وائس چانسلرنے طلباء کی باتیں سنیں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جامعہ میں اسٹوڈنٹ یونین کی بحالی کے لئے وہ ضروری اقدامات کریں گے۔