رابطہ عالم اسلام کی سربراہ کی پاپائے روم سے ملاقات اسلام کا انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں: پوپ فرانسیس

ریاض۲۱ ستمبر:رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے ویٹیکن کے سرکاری دورے کے دوران پاپائے اعظم پوپ فرانسیس سے ملاقات کی۔دونوں مذہبی رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ دلچسپی کے امور، دنیا میں قیام امن بالخصوص ویٹیکن اور اسلامی دنیا کے درمیان تعواون کے فروغ، محبت اور روا داری کے کلچرکے فروغ اور بقائے باہمی کے اصول کو اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے پاپائے روم کے اسلام کے بارے میں منصفانہ خیالات بالخصوص انتہا پسندی اور تشدد کو اسلام سے جوڑنے کی سازشوں کو مسترد کیے جانے کے موقف کو سراہا۔خیال رہے کہ پوپ فرانسیس متعدد مواقع پر دہشت گردی کی کارروائیوں کو اسلام سے جوڑنے کی سازشوں کی مذمت کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا تعلق کسی ایک مذہب کے ساتھ نہیں اور نہ ہی اسلام کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مذہب قرار دیا جاسکتا ہے۔دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو یاد گاری تحائف بھی دیے۔ رابطہ عالم اسلام کے سیکرٹری جنرل نے انہیں اسلامی تہذیب کا ایک ماڈل تحفے میں پیش کیا جو اس بات کی علامت ہے کہ اسلام دوسری تہذیبوں کا دشمن نہیں بلکہ دیگر تمام ادیان اور تہذیبوں کے ساتھ مل کر چلنے کی تاکید کرتا ہے۔ پوپ فرانسیس کی جانب سے ڈاکٹر العیسیٰ کو 500 سالہ پرانا قلم اور یادگاری میڈل تحفے میں پیش کیے۔