انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام کالی کٹ میں خواتین کے کردارپر دوروزہ بین الاقوامی سمینار کا انعقاد، حامد انصار ی شرکت فرمائیں گے
نئی دہلی،20ستمبر: ہندوستانی مسلمانوں کے تھنک ٹینک مانے جانے والے ادارہ انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کا ریاست کیرالہ کے معروف شہر کالی کٹ میں چیربرائے اسلامی تعلیمات اینڈ ریسرچ یونیورسیٹی اور نیشنل وویمن فرنٹ کے اشتراک سے آئندہ 23/24 ستمبر 2017 بروز سنیچر ،اتوار کو’’ انسانی معاشرہ کی تعمیر میں خواتین کے کردار‘‘ پر دورزہ بین الاقوامی سمینا منعقد ہورہاہے ،جس میں سابق نائب صد رجمہوریہ حامد انصاری سمیت ملک وبیرون ملک سے متعدد دانشوار خواتین وحضرات شرکت کریں گے۔
انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر منظور عالم نے دہلی میں آئی او ایس کی آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ معاشرہ کی کامیابی او ر سوسائٹی کی تعمیر میں خواتین کا رول بنیادی اور انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے ،اسلام نے معاشرہ میں خواتین کو ہرشعبہ زندگی میں ترجیح واہمیت دی ہے اور عورتوں کے بغیر معاشرہ کی کامیابی کا کوئی تصور نہیں کیا جاسکتاہے ،اسلام شروع سے حقوق نسواں کا علمبردار رہاہے اور آج بھی خواتین کے حقوق اور تحفظ کی ضمانت صرف اسلامی تعلیمات میں ہی پنہاں ہے ،آج ضرورت ہے کہ خواتین کے کردار اور ان کی خدمات کو اجاگر کیا جائے اور اسی مقصد کے پیش نظر یہ سمینار منعقد کیا جارہاہے ۔انہوں نے بتایاکہ زمانہ نبوت میں خواتین کی حیثیت ۔اقتصادی ترقی میں مسلم خواتین کا کردار۔ انتخابی سیاست میں خواتین کا رول۔میڈیا اور خواتین،تعلیم ،مذہب اور سیکولرزم سے خواتین کی وابستگی ۔مسلم دنیا میں خواتین کا مقام۔ مسلم ممالک میں قانون سے وابستہ خواتین وغیرہ اس سمینار کے اہم موضوعات ہیں جس پر ملک وبیرون ملک سے تشریف لائے مردوخواتین اسکالرس مقالات پیش کریں گے اور شرکاء اظہار خیال فرمائیں گے ۔ سمینار کا آغازسابق نائب صدر جمہوریہ ہندجناب حامد انصاری کریں گے ۔پروفیسر افضل وانی پروفیسرجی جی ایس آئی پی یونیورسیٹی دہلی ۔ڈاکٹر محمد بشیر وائس چانسلر یونیورسیٹی آف کالی کٹ ۔ڈاکٹر نورہ الحساوی صدر شعبہ اسلامیات پرنسیز نورہ بنت عبد الرحمن یونیورسیٹی ریاض سعودی عربیہ۔ڈاکٹر شرمین اسلام اسسٹنٹ پروفیسرایسٹرن یونیورسیٹی ڈھاکہ بنگلہ دیش ۔ محترمہ سید النساء سید شریک بانی افریکن وویمن آف فیتھ اینڈ نیٹ ورک دربن افریقہ۔ڈاکٹر نسیمہ حسن ریسرچ اسکالر بی آئی آئی ٹی بنگلہ دیش۔محترمہ عظمی فرحت صدیقی ریاض سعودی عربیہ۔ڈاکٹر کے ٹی جلیل وزیر ریاست کیرلا۔پنکد رشید علی تھنگال چیرمین کیرلا وقف بورڈ۔پروفیسر عرشی خان علی (گڑھ مسلم یونیورسیٹی) کے علاوہ متعدد خواتین وحضرات مقالہ پیش کریں گے ۔