پاکستان مسلم لیگ نون کی امیدوار کلثوم نواز کی جیت، مختلف شہروں میں جشن

اسلام آباد :۱۸ ستمبر ،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں بیگم کلثوم نوازکی کامیابی پر مسلم لیگ نون کے کارکن ملک بھر میں جشن منا رہے ہیں۔ کہیں ڈھول کی تھاپ پر نعرے لگائے گئے اور کہیں مٹھائیاں بانٹی گئیں۔ لاہور کے حلقہ این اے 120 کی ریرٹننگ آفیسر کی طرف سے اس حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج جاری کر دئیے گئے ہیں۔ اس نتائج کے مطابق اس حلقے کے کل رجسٹرڈ ووٹروں 321786 میں سے 126860 ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور یوں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 39 فی صد کے قریب رہی۔پاکستان مسلم لیگ نون کی امیدوار بیگم کلثوم نواز نے 61745 ووٹ حاصل کیئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 47099 ووٹ لے پائیں، اس طرح کلثوم نواز 14646 ووٹوں کی برتری کے ساتھ کامیاب قرار پائیں۔پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے امیدوار فیصل میر صرف 1414 ووٹ حاصل کر پائے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار ضیا الدین انصاری 592، پاکستان پیپلز پارٹی شھید بھٹو گروپ کے سید شکیل گیلانی 11، پاکستان جسٹس پارٹی کے ملک منصف اعوان 58 اور عوامی نیشنل پارٹی
کے امیر بہادر خان ہوتی 26 ووٹ لے سکے۔