دربھنگہ میں۲۰ ستمبر کے احتجاجی مارچ کی تیاری شباب پر شہر و اطراف میں رابطہ مہم تیز، پرچار رتھ روانہ

دربھنگہ (پریس ریلیز ) شہری جمعےۃ علماء ہند ضلع دربھنگہ کے زیر اہتمام آئندہ ۲۰؍ستمبر ۲۰۱۷ بروز بدھ صبح ۹بجے منعقد ہونے والے برما مسلمانوں کی حمایت میں احتجاجی مارچ کی تیاری شباب پر ہے اور اس کیلئے بڑے پیمانہ پر پرچار پرسار اور رابطہ مہم جاری ہے ۔ احتجاجی مارچ کے تئیں لوگو ں میں بیداری لانے کے مقصد سے شہر میں جگہ جگہ بڑے بڑے ہورڈنگ ، پرچار رتھ کے ساتھ ساتھ بینر پوسٹر کی تقسیم اور پرچار کیسٹ بجایا جارہا ہے ۔آج تشہیری مہم کی شروعات دن کے گیارہ بجے خانقاہ سمرقندیہ نزد خان چوک سے تشہیر گاڑی کو جمعےۃ کا پرچم دکھا کر ضلع سکریٹری نظر عالم ، صدر مولانا عبد المتین قاسمی، جن ادھیکار پارٹی ضلع صدر ڈاکٹر عبد السلام منا خان ، المنصور ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سکریٹری منصور خوشتر ، آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے دربھنگہ ضلع ضدرجاوید کریم ظفر ،محمد اشفاق عرف سونو ، ساجد قیصر ، راجا خان ، نوشاد عالم اور محمد گلاب وغیرہ نے مشترکہ طور پر روانہ کیا ۔ اس موقع پر جاپ ضلع صدر ڈاکٹر منا خان نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی حمایت اور ظلم و تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا ہر انصاف پسند شہری کی ذمہ داری ہے ۔ ہم ضلع کی امن پسند عوام سے احتجاجی مارچ میں شریک ہونے اور اسے کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہیں ۔ دوسری جانب ایک درجن سماجی اور ملی تنظیموں نے بھی احتجاجی مارچ کی حمایت کا اعلان کیا ہے چنانچہ ، جن ادھیکار پارٹی ضلع صدر ڈاکٹر عبد السلام منا خان ، المنصور ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سکریٹری منصور خوشتر ، آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے دربھنگہ ضلع صدر جاوید کریم ظفر ،ضلع جمعےۃ الراعین کے ضلع صدر محمد ہارون رشید ، ہیومن رائٹس اینڈ سوشل جسٹس مشن کے ریاستی صدر محمد اشفاق عرف سونو ، بہار ادارہ پیام انسانیت کے صدر مولانا ارشد فیضی وغیرہ نے بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ ہنومان نگر ، علی نگر، کیوٹی ، سنگھوارہ ، حیاگھاٹ سمیت بلاکوں کے عہدہ داران اور اراکین رابطہ مہم میں پوری طرح مصروف ہیں ۔