نئی دہلی15ستمبر:جمعےۃ علماء ہند کی سب سے بڑی دستوری جنرل باڈی ’’ مرکزی مجلس منتظمہ ‘‘ کا اجلاس اور’’ امن و ایکتا سمیلن ‘‘ کی جگہ بعض انتظامی و تکنیکی اسباب کے سبب تبدیل کردی گئی ہے ۔ پہلے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ یہ اجلاس حسب ترتیب لکھنؤمیں27,28,29اکتوبر کو منعقد ہوگا ۔ لیکن اب یہ مذکورہ تاریخ میں ہی ملک کی راجدھانی دہلی میں ہونا طے پایا ہے۔واضح ہوکہ جمعےۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ نے اپنے اجلاس ( منعقدہ 24 جولائی) میں ملک کی تکثیریت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے والی سرگرمیوں کے خلاف اہل وطن کو بیدارکرنے کے لیے ،اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا ۔ گزشتہ11؍ستمبر کو امیر ا لہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری (صدر جمعےۃ علماء ہند ) کے زیر صدارت ایک میٹنگ میں اجلاس کا وقت اور خاکہ طے پایا ، جس کے بموجب 27؍اکتوبر کو اجلاس مجلس عاملہ، 28کو اجلاس مجلس منتظمہ اور29کو امن وایکتا سمیلن کا انعقاد عمل میں آئے گا۔جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے جگہ کی تبدیلی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام پروگرامس حسب سابق مقررہ تاریخ میں ہی منعقدہوں گے ، البتہ مقا م ( venue)لکھنؤکے بجائے دہلی ہو گا۔ مولانا مدنی نے جماعتی ذمہ داروں کو متوجہ کیا ہے کہ وہ اپنے سفر و واجبی انتظامات کی تیاری اس کے مطابق کریں ، باقی ایجنڈا اور دعوت نامہ حسب ضابطہ ارسال کیے جائیں گے۔