فیس بک پردوستی مہنگی پڑی اجنبی مرد کی فرینڈ ریکسویسٹ قبول کرنے پر خاتون کو6کروڑ روپے کا نقصان ہوگیا

سڈنی ،14ستمبر:فیس بک استعمال کرنے والے کسی کی بھی فرینڈ ریکوئسٹ قبول کرنے میں دیر بالکل نہیں لگاتے، چاہے ریکوئسٹ بھیجنے والے کے بارے میں کچھ بھی نہ جانتے ہوں۔ شاید آپ سوچیں گے کہ اس میں حرج ہی کیا ہے، تو یہ بات آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی اس خاتون سے پوچھئے جس نے ایک اجنبی کی فرینڈ ریکوئسٹ قبول کی اور یہ غلطی اسے 6کروڑ روپے میں پڑ گئی۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مارتھا (فرضی نام )نامی خاتون کو تقریباً چھ ماہ قبل ڈاکٹر فرینک ہیریسن نامی شخص کی جانب سے فرینڈر ریکوئسٹ موصول ہوئی تھی۔ عام فیس بک صارفین کی طرح انہوں نے بھی اس ریکوئسٹ کو قبول کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا، اور نا ہی بعد میں اس بات کا تردد کیا کہ اس شخص کے بارے میں کچھ تحقیق کر لیں۔
ان کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا تو فرینک نے بتایا کہ وہ امریکا میں آرتھوپیڈک سرجن کے طور پر کام کرتا ہے اور اب آسٹریلیا مننقل ہونے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔ اگلے کچھ عرصے کے دوران ان کے درمیان فیس بک کے ذریعے بات چیت کا سلسلہ جاری رہا اور پھر ایک دن فرینک نے بتایا کہ وہ آسٹریلیا آ رہا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا میں قیام کے دوران مارتھا سے بھی ملنا چاہے گا، جس کے لئے مارتھا بھی تیار تھی۔
مارتھا منتظر تھی کہ کب فرینک پہنچے اور وہ اس کے ساتھ ملاقات کرے، لیکن فرینک خود تو نا آیا البتہ اس کی فون کال ضرور آ گئی۔ اس کا کہنا تھا کہ ائرپورٹ پر اسے کسٹمز حکام نے روک لیا ہے کیونکہ اس کے پاس 15لاکھ ڈالر تھے، جو کہ قانونی حد سے زائد ہونے کی وجہ سے ضبط کر لئے گئے تھے، اور اب اسے جرمانہ ادا کرنے کے لئے 3000ڈالر (تقریباً تین لاکھ روپے)کیضرورت تھی تا کہ اپنی ضبط شدہ رقم چھڑوا سکے۔ مارتھا نے کمال سادہ لوحی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ رقم دئیے گئے اکاؤنٹ میں جمع کرو ادی۔ بدقسمتی سے یہ سلسلہ یہاں نہیں رکا کیونکہ اس کے بعد بھی فرینک نے طرح طرح کے بہانے گھڑتے ہوئے اس سے رقم ہتھیانے کا سلسلہ جاری رکھا اور یوں وہ مجموعی طور پر چھ کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
جب یہ ساری دغا بازی کرنے کے بعد شعبدہ باز فرینک غائب ہو گیا تو مارتھا کو کچھ ہوش آیا اور پہلی بار اس نے فرینک کے فیس بک اکا?نٹ پر دی گئی معلومات کی جانچ پرکھ کی۔ تب اسے معلوم ہوا کہ اس کے اکاؤنٹ پر بتائی گئی ہر بات جھوٹ تھی۔ اس نے اپنے پروفائل پر جو تصویر لگا رکھی تھی وہ امریکی ڈاکٹر گراتھ ڈیوس کی نکلی۔مارتھا نے بالآخر یہ معلومات تو حاصل کر لیں، لیکن اب اس کا کوئی فائدہ نہیں تھا کیونکہ اسے دھوکہ دے کر لوٹنے والا غائب ہو چکا تھا اور تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔