قرض معافی کے نام پر کسانوں کے ساتھ بھدّا مذاق،9نومبر کو پارلیمنٹ کے سامنے تین دن کا دھرنا سی پی ایم مودی اوریوگی سرکارکے خلاف احتجاج شروع کرے گی

نئی دہلی13ستمبر:مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم)سے منسلک آل انڈیا کسان مہا سبھا نے اتر پردیش کے کسانوں کے ساتھ قرض معافی کے نام پر بھدا مذاق کیے جانے کا حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کسانوں کی بدتر ہوتی جا رہی حالت اور بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی کے خلاف 18ستمبرکویہاں آل انڈیا کانفرنس منعقد کی جائیگی جس کے ذریعہ ‘جن ایکتا-جن ادھیکارتحریک کی شروعات کی جائے گی۔مہا سبھا کے جنرل سکریٹری اور سابق ممبر پارلیمنٹ حنان ملا اور نائب صدر این کے شکلا نے آج یہاں صحافیوں کو بتایا کہ کانفرنس میں تقریباََ100تنظیمیں شامل ہوں گی اور وہ مودی حکومت دور اقتدار میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معیشت میں روز بروز آتی گراوٹ کے علاوہ گوری لنکیش جیسے صحافیوں کے قتل اور کسانوں کی خودکشی کا معاملہ بھی اٹھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے بعدراجدھانی میں 9نومبر کو پارلیمنٹ کے سامنے تین دن کا دھرنا بھی دیا جائیگا۔