حکومت ہند برمی مظلوموں کو واپس بھیج کر سفاکیت کا مظاہرہ نہ کرے ; مفتی محمد اسماعیل قاسمی اہل اسلام پنج وقتہ نمازوں میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دعاؤں کا اہتمام کریں

مالیگاوں ۹ ،ستمبر : بذریعہ اشرعبداللہ (مکہ مکرمہ)  آج دنیا میں سب سے زیادہ مظلوم قوم اگر کوئی ہے تو وہ برما کے روہنگیا مسلمان ہیں جو برسوں سے بدھشٹ دہشتگردوں کے ظلم کا شکار ہیں… مجسموں کے ٹوٹ جانے پر واویلا کرنے والی دنیا آج برما میں ہزاروں کی تعداد میں انتہائی مظلومانہ شہادت پانے والے مسلمانوں کے حق میں بولنے سے قاصر ہے… دہشت گردی کے خلاف چیخ و پکار کرنے والے ممالک اور سربراہان کی اندھی آنکھوں کو برما کی دہشت گردی نظر نہیں آرہی ہے.. اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ نوٹنکی لوگ صرف اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے کے لئے ڈرامہ کرتے رہتے ہیں… آج سب سے بڑے دہشت گرد برما کی بدھشٹ قوم اور وہاں کی فوج ہے.. جو نہتے مسلمان مرد، عورت اور بچوں تک کو اس طرح نشانہ بنا رہی ہے کہ روح کانپ رہی ہے.. ان درندوں کی درندگی دیکھ کر شیطان بھی شرم کر رہا ہوگا لیکن دنیا کے نام نہاد سربراہان کو کوئی شرم نہیں آرہی ہے کہ اسے روکا جائے اور اس پر باز پرس کی جائے…الحمد للہ.. اللہ پاک نے ترکی اور اس کے سربراہ رہبرِ اہل اسلام جناب رجب طیب اردگان کو توفیق بخشی ہے اور وہ اپنی بساط کے مطابق برمی مسلمانوں کی داد رسی کر رہے ہیں…
بدھشٹوں کی درندگی سے بچنے کے لئے لاکھوں کی تعداد میں برمی مسلمان آس پاس کے ممالک میں پناہ کے لئے گھسنے پر مجبور ہیں.. انہیں میں سے مختصر تعداد ہندوستان میں بھی داخل ہوئی ہے… لیکن موجودہ انسانیت دشمن حکومت اور اس کے سربراہ نے اس مظلوم قوم کو واپس بھیجنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے… ہم ہندوستانی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ انسانیت کا کچھ تو بھرم باقی رکھیں اور ان پناہ گزینوں کو ہندوستان میں رہنے دیں … ملک کے مسلمان اپنے بھائیوں کی داد رسی اور باز آباد کاری کے لئے تیار ہیں.. حکومت صرف انہیں پناہ گزیں کے طور پر رکھنے کا اعلان کرے.. ان شاء اللہ ہم مسلمان ان کے اخراجات برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں.. حکومت وقت بربریت اور سفاکیت سے باز رہے ورنہ وقت اگر بدلہ لینے پر آگیا تو اچھے اچھے حکمرانوں کی تاریخ پر زمانے کی گرد جمی ہوئی ہے… دنیا کے سربراہوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ بادشاہوں کے بادشاہ نے کفر اور شرک کے ساتھ حکومتیں باقی رکھی ہے لیکن ظلم کے ساتھ حکمرانی کرنے والوں کو باعث عبرت بنا دیا ہے… اس کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں ہے… وہ احکم الحاکمین جب پکڑ کرے گا تو طاقت کے نشے میں چور ظالم افراد کا نام بھی باعث سبق ہوجائے گا….

ہم اہلِ اسلام سے درخواست کرتے ہیں کہ پنج وقتہ نمازوں میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دعاؤں کا اہتمام کریں… جن جن ممالک کی سرحدیں برما سے متصل ہیں وہ ممالک خصوصاً اسلامی ممالک آگے بڑھ کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں.. انہیں اپنی سرزمین پر پناہ دیں.. انسانیت کے وقار کو تقویت پہنچائیں .. نیز اقوام متحدہ برما کی حکومت اور فوج پر ظلم و بربریت کا مقدمہ درج کرے اور امن فوج کے ذریعے وہاں کی مظلوم عوام کی حفاظت کرے…

اللہ پاک برما کے مظلوم مسلمانوں کی حفاظت فرمائے.. ظالموں کے حصے میں اگر ہدایت مقدر ہوئے تو ہدایت عطاء فرمائے ورنہ اپنی سرزمین کو ایسے درندوں سے پاک فرمائے… آمین ثم آمین