امت شاہ، اسمرتی ایرانی، احمد پٹیل اور الیکشن کمیشن کو گجرات ہائی کورٹ کا نو ٹس : راجیہ سبھا انتخابات معاملہ

احمدآباد،21اگست:راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کے دو باغی اراکین اسمبلی کے ووٹ غلط قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے والے بی جے پی امیدوار بلونت سنگھ راجپوت کی درخواست پر گجرات ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور کانگریس لیڈر احمد پٹیل کو آج نوٹس جاری کیا۔جسٹس بیلا ترویدی نے الیکشن کمیشن، پٹیل اور بی جے پی کے دو دیگر امیدواروں پارٹی صدر امت شاہ اور مرکزی وزیراسمرتی ایرانی کو بھی نوٹس جاری کیا۔عدالت نے 21ستمبر کو نوٹس کا جواب دینے کوکہا ہے۔
گجرات سے راجیہ سبھا انتخاب ہارنے والے بی جے پی امیدوار راجپوت نے کانگریس کے دو باغی اراکین اسمبلی کے ووٹ منسوخ کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔انہوں نے 8اگست کو انتخابات سے پہلے کانگریس کو چھوڑ دیا۔راجپوت نے دعوی کیا ہے کہ دو دیگر کانگریس ممبران اسمبلی کے ووٹ بھی گنے نہیں جانے چاہئے کیونکہ انہوں نے بھی اپنے ووٹ غیر مجاز لوگوں دکھائے تھے اور انہیں (راجپوت کو)فاتح قرار دیا جانا چاہئے۔/