سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور ان کی مدد کے لیے آگے آئیں: مفتی محمّد اسماعیل قاسمی
مالیگاؤں (راست) حضرت مولانا مفتی محمّد اسماعیل صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء مالیگاؤں و رکن شوری دار العلوم دیوبند) نے ملک کی مختلف ریاستوں میں آئے سیلاب سے جو لوگ متاثر ﮨﻮئے ہیں ان کے لئے دعاء کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہےکہ اللہ رب العزت کی مصلحت وہی بہتر جانتا ہے، لیکن انسان ہونے کے ناطے ہمیں اپنے ایمان والے بھائیوں کی تکالیف کا اندازہ ہونا چاہئے اور ہمیں کم از کم ان کے لئے عافیت کی دعا کرنا چاہیے.
انہوں نے کہا کہ آج بہار، و دیگر ریاستوں میں سیلاب سے انسانی زندگی انتہائی ابتر ہوچکی ہے. لاکھوں افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ سینکڑوں جانیں سیلاب کی نظر ہوگئیں ہیں. ان میں اہل ایمان بھی ہیں اور برادران وطن بھی ایسے نازک موقع پر ہمیں اللہ رب العزت کے حضور توبہ و استغفار کرتے ہوئے متاثرین کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنا ہے. بہار میں رابطہ کرنے کے بعد جو صورتحال سامنے آئی ہے وہ کافی درد ناک ہے. ایک ایمان والا ہونے کی حیثیت سے ہمیں بے یارو مددگار افراد کی تکالیف کا احساس ہونا ﭼﺎﮨﺌﮯ.
مولانا نے برادرانِ اسلام سے گزارش کی ہے کہ سیلابی آفات سے حد درجہ متاثرین افراد کے لئے خصوصی دعائیں کریں نیز ہم سے جو کچھ بن سکے سیلاب سے متاثرین کی روز مرہ زندگی کی ضروریات کے تکفل کے لئے نقد روپیوں کی شکل میں ان کا تعاون کریں‘ اللہ پاک بہار و دیگر ریاستوں میں عافیت عطاء فرمائے.. متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے وسائل مہیا فرمائے. سیلاب سے ہلاک شدہ اہل ایمان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ثم آمین.