نئی دہلی20جولائی:ملک کے 14ویں صدر کے طور پر منتخب ہونے کے بعد مسٹر رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ وہ گاؤں میں پھوس کی جھونپڑی میں رہنے والے غریبوں کے نمائندے کے طور پر راشٹرپتی بھون جائیں گے اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ملک کی خدمت کریں گے۔ مسٹر کووند نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صدارتی انتخابات کے الیکشن افسر لوک سبھا سکریٹری انوپ مشراکی جانب سے ان کے الیکشن کے نتائج کا اعلان کئے جانے کے بعد ان کی حمایت کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے ہنماؤں، ارکان پارلیمنٹ، ممبران اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور اپوزیشن کی امیدوار محترمہ میرا کمار کو بھی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ جس عہدے کا وقار ڈاکٹرراجندر پرساد، سروپلی رادھاکرشنن، اے پی جے عبدالکلام اور پرنب مکھرجی نے بڑھایاہے، اس عہدے پر منتخب ہونامیرے لئے بڑے فخر کی بات اور یہ بڑی ذمہ داری کا احساس بھی کرا رہا ہے۔ میرے لئے یہ جذباتی لمحہ ہے۔انہوں نے کہاکہ آج دہلی میں صبح سے بارش ہو رہی ہے، یہ بارش کا موسم مجھے میرے بچپن کی یاد دلاتا ہے، جب میں اپنے آبائی گاؤں میں رہتا تھا گھر کچا تھا، مٹی کی دیواریں تھی، پھوس کی چھت تھی تب کافی تیز بارش ہوتی تھی، تو ہم سب بہن بھائی دیوار کے کنارے کھڑے ہوکر بارش کے رکنے کا انتظار کرتے تھے۔ آج ملک میں ایسے کتنے ہی رام ناتھ کووند ہوں گے، جو بھیگ رہے ہوں گے، کوئی کاشتکاری کر رہا ہوگا، شام کو کھانا کھانا ہے اس کے لیے انتظام کر رہا ہوگا۔ میں ان سب سے کہنا چاہتا ہوں کہ پروکھ گاؤں کا یہ رام ناتھ کووند ان کا نمائندہ بن کر جا رہا ہے۔ بہار کے گورنررہے مسٹر کووند نے کہا کہ انہیں جو یہ ذمہ داری دی گئی ہے وہ ملک کے ایسے ہراس شخص کے لئے پیغام ہے جو ایمانداری اور پوری دلجمعی کے ساتھ اپنا کام کرتا ہے۔ انہوں کہا "اس عہدے پر منتخب کیا جانا، نہ ہی میرا مقصد تھا ، نہ ہدف اور نہ ہی میں نے ایسا سوچا تھا۔ لیکن اپنے معاشرے اور ملک کے لئے انتھک خدمت خلق کا جذبہ مجھے یہاں تک لے آیا ہے، یہ اسی خدمت خلق کا ہی نتیجہ ہے اور یہی ہمارے ملک کی روایت بھی ہے۔ ” انہوں نے کہا کہ صدر کے عہدے پر ان کا انتخاب ہندوستانی جمہوریت کی علامت ہے۔ اس عہدے کے وقار کو برقرار رکھنا ان کا پہلا ہدف اور آئین کی عزت برقرار رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ملک کے تمام لوگوں کوسلام پیش کرتے ہوئے یہ یقین دلاتا ہوں کہ میں احساس ذمہ داری کے ساتھ مسلسل ملک کی خدمت میں لگا رہوں گا۔