امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی ایرانی دھمکی نئی اقتصادی پابندیوں کی حماقت کے نتیجے میں امریکہ کوقیمت چکانی ہوگی۔
لندن،20؍جولائی :امریکہ کی جانب سے ایرانی عسکری اداروں پر نئی پابندیوں کے اعلان کے جواب میں تہران نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ ایرانی فوج کے سپہ سالار اور پاسداران انقلاب ملیشیاؤں کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکہ نے ان کے خلاف نئی پابندیاں عاید کی ،تو وہ امریکی فوجی اڈوں کو حملوں کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔پاسداران انقلاب کی مقرب نیوز ایجنسیوں، تسنیم اور فارس نے جنرل محمد علی جعفری کا ایک بیان نقل کیا ہے ،جس میں ان کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنا امریکہ کی بہت بڑی غلطی ہوگی اور اسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ ایران کے عسکری اداروں پر نئی پابندیاں عاید کررہا ہے، تو وہ اپنے فوجی اڈے ایران سے ایک ہزار کلو میٹر دور کردے۔جنرل جعفری کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ نئی اقتصادی پابندیوں کی حماقت کے نتیجے میں اسے کیا قیمت چکانی ہوگی؟خیال رہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائل تجربات کے تسلسل اور پاسداران انقلاب کی خطے میں دہشت گردانہ کارروائیوں پر امریکہ نے تہران کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکہ نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ میں امن وامان کی مساعی کو تباہ کرنے سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔امریکہ کی ان دھمکیوں کے جواب میں پاسداران انقلاب کے چیف کا کہنا ہے کہ ان کا فوجی ادارہ بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہی میزائلوں سے ایک ماہ قبل شام کے دیر الزور شہر میں حملہ کیا گیا تھا۔
وہائٹ ہاؤس نے حال ہی میں ایران کے عسکری اداروں پر نئی اقتصادی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان پابندیوں کی زد میں ایرانی پاسداران انقلاب اور اس کے کئی سرکردہ عہدیدار شامل ہیں۔ امریکہ میں ڈونا لڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا یہ اہم سلسلہ ہے۔گذشتہ منگل کو امریکہ نے ایران پر بیلسٹک میزائل تجربات جاری رکھنے اور خطے میں عدم استحکام کی سازشوں کے الزام میں نئی اقتصادی پابندیاں عاید کی تھی ۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کی ضرر رساں پالیسیوں پر واشنگٹن کو سخت تشویش ہے۔ادھر امریکی کانگریس ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔ امریکی قانون دانوں کا خیال ہے کہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے سے تہران کی خطے میں تخریبی سرگرمیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔دوسری جانب ایران بھی اپنی جگہ ڈٹ کر کھڑا ہے۔ پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری کا کہنا ہے کہ ان کا ملک میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے ایران کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ امریکہ کے خلاف جرات مندانہ موقف اختیار کرے۔خیال رہے کہ امریکہ کی طرف سے ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے جواب میں ایرانی صدر حسن روحانی اور وزیرخارجہ جواد ظریف نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔