امریکا نے ’اتحاد ایئرویز ‘پر سے برقی آلات کی پابندی اُٹھا لی

واشنگٹن ،3جولائی: امریکی حکام نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ’اتحاد‘کی امریکا آںے والی پروازوں میں مسافروں کو اپنے ساتھ لیپ ٹاپ لانے کی پھر سے اجازت دے دی گئی ہے۔اتحاد وہ پہلی فضائی کمپنی ہے جو اس پابندی کے اٹھائے جانے سے مستفید ہو گی۔ امریکی حکام نے مذکورہ پابندی 21مارچ کو آٹھ عرب ممالک اور ترکی کے 10ہوائی اڈوں سے آنے والی پروازوں پر عائد کی تھی۔
پابندی میں شامل اشیاء میں لیپ ٹاپ ، ٹیبلیٹ اور موبائل فون سے بڑا حجم رکھنے والے تمام برقی آلات شامل ہیں۔ امریکی حکام نے پابندی کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان اشیاء کو دھماکا خیز آلات کے طور پر استعمال کیے جانے کا اندیشہ ہے۔
امریکا کی داخلہ سکیورٹی کے محکمے کے ترجمان ڈیوڈ لیبین کے اعلان کے مطابق ابوظبی کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والی اتحاد کی تمام پروازیں اس پابندی سے مستثنی ہوں گی.. اس لیے کہ ابوظبی کے ہوائی اڈے کے حکام نے اُن تمام سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنا لیا ہے جن کا مطالبہ واشنگٹن نے 28جون کو کیا تھا۔ترجمان نے ان اقدامات کے بارے میں نہیں بتایا تاہم اس کا بنیادی مقصد مسافروں کی تلاشی اور برقی آلات کی جانچ کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔
واشنگٹن کا کہنا ہے کہ نئے سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے والی ہر فضائی کمپنی کے مسافروں کو جہاز میں لیپ ٹاپ لے جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔اماراتی فضائی کمپنی ’اتحاد‘نے امریکی قومی سلامتی کی انتظامیہ کی جانب سے ابوظبی اور امریکا کے بیچ پروازوں میں برقی آلات پر عائد پابندی اٹھا لیے جانے کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق اتوار کے روز سے ہو گیا۔