قاہرہ،3جولائی: مصر میں حکام نے معروف مذہبی اسکالر اورعرب اتحادکے ذریعہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل شخصیت یوسف القرضاوی کی بیٹی علا القرضاوی اور داماد حسام خلف کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری اُس وقت عمل میں آئی جب دونوں افراد شمالی ساحل پر مصر کے ایک سیاحتی مقام پر موجود تھے۔قرضاوی کی بیٹی اور داماد کو تحقیق کے لیے اسکندریہ شہر کی استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ان پر دہشت گرد جماعت میں شمولیت اور الاخوان المسلمین کی فنڈنگ اور سپورٹ کے الزامات ہیں۔ استغاثہ نے علا اور اس کے شوہر کو پوچھ گچھ کے واسطے 15روز تک حراست میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ قرضاوی کئی برس سے قاہرہ میں قطر کے سفارت خانے میں ملازمت کر رہی ہے اور اس کے پاس مصر کے علاوہ قطر کی شہریت بھی ہے۔
یاد رہے کہ یوسف القرضاوی کی چار بیٹیاں ارو تین بیٹے ہیں۔ سب سے بڑی بیٹی الہام نے لندن یونی ورسٹی سے طبیعیات کی تعلیم حاصل کی۔ دوسری بیٹی سہام نے بھی ایک برطانوی یونی ورسٹی سے کیمیاء کی تعلیم حاصل کی۔ تیسری بیٹی علا (جو مصر میں گرفتار کی گئی ہے)نے امریکا میں ٹیکساس یونی ورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی جب کہ چوتھی بیٹی اسماء برطانیہ کی ناٹنگھم یونی ورسٹی سے فارغ التحصیل ہے۔یوسف القرضاوی کا بڑا بیٹا محمد قطر میں پیدا ہوا اور اس نے امریکا میں تعلیم حاصل کی۔ دوسرے بیٹے اسامہ کی پیدائش بھی قطر میں ہوئی اور اس نے بھی امریکا سے تعلیم مکمل کی۔ تیسرا بیٹا عبدالرحمن قطر میں پیدا ہوا اور وہ واحد اولاد ہے جس نے قطر میں شریعہ کالج میں حاصل کی۔