فرانس مسجد کے سامنے فائرنگ سے 8افراد زخمی

پیرس،3جولائی
فرانس کے جنوب مشرق میں اتوار کی رات ایک مسجد کے باہر فائرنگ سے آٹھ افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک بچی بھی شامل ہے۔ سرکاری استغاثہ نے واقعے میں دہشت گردی کے پہلو کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایوینیوں کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق 10:30بجے دو افراد مذکورہ مسجد کے قریب ایک گاڑی سے باہر آئے اور لوگوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کر ڈالی۔سرکاری استغاثہ نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والوں میں سے کسی کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔ استغاثہ کا مزید کہنا ہے کہ یہ واقعہ اُسی شاہراہ پر پیش آیا جس پر مسجد واقع ہے مگر جو کچھ بھی ہوا اس کا کسی طور مذہبی عوامل سے تعلق نہیں اور دہشت گردی کا پہلو بھی خارج از امکان ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔