ٹرمپ نے ’سی این این‘کو زمین پر پٹخ دیا

نیویارک،3جولائی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر ایک انتہائی عجیب نوعیت کی وڈیو پوسٹ کر کے میڈیا کو نئے انداز سے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ وڈیو میں ٹرمپ ایک پیشہ ور ریسلر کو زمین پر پٹختے ہوئے نظر آ رہے ہیں جب کہ اس ریسلر کے چہرے کو امریکی نیوز چینل ’سی این این‘کے لوگو سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہ وڈیو 10برس پرانی ہے جس کو فری اسٹائل ریسلنگ کے حوالے سے ایک موقع پر خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا۔ اب اس وڈیو کو ٹرمپ کی جانب سے “ایم ایس این بی سی” چینل میں صحافیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے ایک ہفتے بعد نشر کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 28سیکنڈوں کے دورانیے پر مشتمل وڈیو میں سوٹ میں ملبوس ٹرمپ ایک دوسرے شخص کو رِنگ کے باہر زمین پر پٹخ رہے ہیں اور پھر اس کے بعد انہوں نے اس شخص کو پیٹ ڈالا جس کے چہرے کو مسلسل ’’سی این این‘‘کے لوگو سے ڈھانپ ہوا دکھایا گیا۔وڈیو کے اختتام پر ’سی این این‘کے لوگو میں تحریف کر کے اس کو اسکرین پر FNN یعنی ’’فراڈ نیوز نیٹ ورک‘‘کے نام سے پیش کیا گیا۔
انٹرنیٹ پر موجود اس وڈیو کے طویل ورژن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ کے ہاتھوں پٹائی کا نشانہ بننے والا شخص WWE(ورلڈ ریسلنگ اینٹرٹینمنٹ)کا مالک اور ٹرمپ کا دوست Vince McMahonہے۔حالیہ کچھ عرصے سے امریکی صدر نے میڈیا کے خلاف اپنے حملوں کی یلغار میں اضافہ کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنی ٹوئیٹ میں ’’فیک نیوز سی این این‘‘کے بجائے ’’فراڈ نیوز سی این این‘‘کا ہیش ٹیگ استعمال کیا جب کہ اس سے قبل وہ میڈیا کی خبروں کے لیے ’’فیک‘‘ (جعلی)کا لفظ استعمال کرتے رہے ہیں۔